شانگلہ،صوبائی صدر ن لیگ امیرمقام کے قافلے پرفائرنگ

Jun 24, 2023 | 18:02 PM

ایک نیوز :خیبرپختونخوا کے ضلع شانگلہ میں مسلم لیگ ن کے صوبائی صدر امیر مقام کے قافلہ پرنامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ کی گئی۔

آر پی او ملاکنڈ ناصرمحمود ستی کا کہنا ہے کہ فائرنگ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔امیر مقام دورہ مکمل کرکے چلے گئے جبکہ سکیورٹی اہلکاروں نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے امیر مقام پر شانگلہ کے علاقے مارتونگ میں دہشت گردوں کے قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کی ۔

وزیراعظم  شہبازشریف کا امیر مقام سے ر ابطے میں کہنا تھاکہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ آپ حملے میں محفوظ رہے۔وزیراعظم نے امیر مقام کی خیریت دریافت کی اور یک جہتی کا اظہار کیا ۔وزیراعظم کا کوئی جانی نقصان نہ ہونے پر بھی اظہار تشکر کیا ۔

وزیراعظم نے انجینئر امیر مقام کے جذبے، بہادری اور ثابت قدمی کو خراج تحسین پیش کیا۔وزیراعظم شہبازشریف کاکہنا تھاکہ امیر مقام آپ نوازشریف کے شیر ہیں، آپ کی عوامی، قومی اور پارٹی کے لئے خدمات کو سراہتے ہیں۔

واضح رہے کہ 2014 میں بھی اسی مقام پر امیر مقام پر خود کش حملہ ہوا تھا۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سنیئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے وزیراعظم کے مشیر اور پارٹی کے خیبرپختونخوا کے صدر انجینئر امیر مقام کو ٹیلی فون کرکے خیریت دریافت کی۔

مریم نواز نے امیر مقام پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت  کی ۔

چیف آرگنائزر مریم نواز   نے امیر مقام سے واقعے کی تمام تفصیلات دریافت کیں ۔

مریم نواز کاکہنا تھا کہ امیر مقام آپ بہادر شخص ہیں، آپ نے دہشت گرد حملوں کے خطرات کے باوجود عوام کی خدمت کا مشن جاری رکھا ہے۔امیر مقام اور ان کے ساتھیوں کی بہادری اور عوام کی خدمت کے جذبے کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔دہشت گردی کا خاتمہ پاکستان کی ترقی اور استحکام کے لئے ناگزیر تقاضا ہے۔دہشت گردی کے خاتمے کے جہاد میں پوری قوم اپنی مسلح افواج، رینجرز، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بہ شانہ ہے۔

مزیدخبریں