ایک نیوز: وزیراعظم شہباز شریف کی کوششیں کامیاب، آئی ایم ایف اور پاکستان حتمی ڈیل کے قریب پہنچ گئے، جلد باضابطہ اعلان متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کی ایک اور بڑی مشکل حل ہونے کی راہ ہموار ہو گئی،پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان نویں جائزے اور پروگرام بحالی کی راہ میں تمام رکاوٹیں دور ہوگئیں،وزیراعظم شہباز شریف کی آئی ایم ایف کی مینیجنگ ڈائریکٹر کرسٹلینا جورجیوا سے پیرس میں ہونے والی ملاقاتوں اور مسلسل رابطوں سے پیش رفت ممکن ہوئی،وزیراعظم شہباز شریف اور ایم ڈی آئی ایم ایف کے درمیان پیرس میں مسلسل اور متواتر رابطوں اور ملاقاتوں سے بریک تھرو ہوا۔
ذرائع کے مطابق دونوں کی بات چیت کے نتیجے میں وزارت خزانہ اور آئی ایم ایف کی ٹیم کے درمیان گزشتہ تین دن سے مذاکرات جاری تھے،جمعے اور ہفتے کی درمیانی شب بات چیت اور نئے ڈرافٹ کی تیاری کا عمل جاری رہا،وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور ان کی ٹیم گزشتہ تین دن سے معمالات کو طے کرنے میں مصروف تھے،آئی ایم ایف اور پاکستان کے درمیان کوئی مزید مسئلہ یا تکنیکی دقت پیدا نہ ہوئی تو نواں جائزہ تکمیل کو پہنچ جائے گا،ہفتے کی علی الصبح آئی ایم ایف اور وزارت خزانہ کی ٹیم نے نئے ڈرافٹ کو حتمی شکل دی۔