ایک نیوز: لاہور کی احتساب عدالت نے پلاٹ الاٹمنٹ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کو بری کر دیا۔
نوازشریف پلاٹ الاٹمنٹ ریفرنس میں بری،لاہورکی احتساب عدالت نے فیصلہ سنا دیا۔ احتساب عدالت کے جج راؤ عبدالجبار نے دلائل سننے کے بعد فیصلہ سنایا۔
وکیل نواز شریف کا کہنا ہے کہ نیب نے بدنیتی کی بنیاد پر ریفرنس بنایا تھا،ان کا پلاٹوں کی الاٹمنٹ میں کوئی کردار نہیں،نہ ہی نئے قانون کے تحت کیس بن سکتا ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے ایک ٹوئٹ میں بتایا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز شریف نجی دورے پہ دبئی روانہ ہوگئی ہیں۔ پارٹی قائد جناب محمد نواز شریف پہلے ہی دبئی پہنچ چکے ہیں۔ فیملی کے دیگر ارکان بھی ان کے ہمراہ ہیں۔
پارٹی ذرائع کے مطابق نواز، شہباز اور مریم نواز آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال کریں گے اور انتخابات کے حوالے سے معاملات کو فائنل کریں گے۔ اس کے بعد پارٹی قائد نواز شریف اور چیف آرگنائزر مریم نواز حج کی سعادت حاصل کرنے کیلئے سعودی عرب روانہ ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مریم نواز بھی اپنے والد کے ساتھ حج کریں گی۔ میاں نواز شریف اوردیگر سعودی عرب سے حج کی ادائیگی کے بعد واپس لندن آ جائیں گے۔ تاہم مریم نواز اپنے والد کے ساتھ لندن جاسکتی ہیں اور واپس پاکستان بھی آسکتی ہیں۔