ایک نیوز: ٹائی ٹینک کا ملبہ دیکھنے کے لیے جانے والی آبدوز ٹائٹن کی مالک کمپنی اوشین گیٹ نے بے حسی کی حد کردی جس پر عالمی سطح پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے اوشین گیٹ کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اوشین گیٹ کمپنی نے آبدوز مسافروں کی جانوں کو نظرانداز کرتے ہوئے ریسکیو آپریشن کے دوران ہی آبدوز کے پائلٹ کی نوکری کے لیے اشتہار جاری کردیا ۔آبدوز میں سوار 2 پاکستانی باپ اور بیٹے سمیت5 افراد کو بچانے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری تھا کہ اسی دوران کمپنی نے ویب سائٹ پر آبدوز کے پائلٹ کی بھرتی کا اشتہار جاری کیا۔جب اشتہار کا اسکرین شاٹ وائرل ہوا اور یہ معاملہ سوشل میڈیا پر سامنے آیا تو لوگ دنگ رہ گئے جب کہ ساتھ ہی صارفین نے غصے کا اظہار کیا اور کمپنی کے مالک کو آڑے ہاتھوں لیا۔
اوشم گیٹ کے اشتہار وائرل ہونے کے بعد لوگوں نے کئی مزاحیہ ٹوئٹس کیں۔ کسی نے کہا کہ 'میں اس دباؤ میں کام نہیں کرسکتا' تو کسی نے ٹوئٹ کی کہ 'کیا میں گیمنگ کے تجربے کے ساتھ درخواست دے سکتا ہوں اور ظاہر ہے مجھے زندہ رہنے میں کوئی دلچسپی نہیں ہے'۔
کمپنی کی ویب سائٹ کو بند کردیا گیا ہے لیکن اشتہار اب بھی کچھ سائٹس اور سوشل میڈیا پر دیکھا جاسکتا ہے، واشنگٹن میں کمپنی کے مرکزی دفاتر کو غیر معینہ مدت کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔واضح رہے کہ آبدوز ٹائٹن 18 جون کو بحر اوقیانوس میں لاپتا ہو گئی تھی جس کی تلاش 4 روز تک جاری رہی لیکن22 جون کو امریکی کوسٹ گارڈ حکام نے بتایا کہ آبدوز ٹائٹن تباہ ہوگئی ہے اور اس میں سوار تمام افراد زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔