ایک نیوز: پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے پروفیشنل باکسنگ میلے کا گلگت میں آغاز ہوگیا۔ جس میں پاکستان کے پہلے ورلڈ یوتھ چیمپئن عثمان وزیر ہوم گراونڈ پر اپنے ورلڈ ٹائٹل کا دفاع کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق سٹار کرکٹر شاہ نواز دھانی اور ابھرتے ہوئے فاسٹ باؤلر میر حمزہ باکسر عثمان وزیر کو سپورٹ کرنے گلگت پہنچ گئے۔ گلگت کے لالک جان اسٹیڈیم میں جاری انٹرنیشنل ایونٹ میں پاکستان سمیت 10 ملکوں کے باکسر حصہ لے رہےہیں۔
پاکستان آرمی اور گلگت بلتستان حکومت مشترکہ طور پر 2 روزہ ایونٹ کا انعقاد کر رہے ہیں۔ باکسنگ ایونٹ کے بڑے مقابلے میں پاکستان کے پہلے ورلڈ یوتھ چیمپئن عثمان وزیر ہوم گراونڈ پر اپنے ورلڈ ٹائٹل کا دفاع کریں گے۔ عثمان وزیر کا مقابلہ تنزانیہ کے ٹاپ باکسر فقیری سیلوم سے ہوگا۔
انٹر نیشنل ایونٹ کے لئے برطانیہ، تنزانیہ،جرمنی، افغانستان، نائجیریا، فلپائن کے باکسرز گلگت پہنچے ہیں۔ انڈونیشیا، تھائی لینڈ اور متحدہ عرب امارات کے باکسرز بھی ایونٹ میں شریک ہیں۔