ایک نیوز: نگران وزیراعلیٰ کا تاریخی فیصلہ، آئی ٹی بیسڈ کاٹن کراپ مینجمنٹ پروگرام کا آغاز کردیا۔ جس کیلئے 2 ہزار زرعی گریجوایٹس کو بطور انٹرنی بھرتی کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس منعقد کیا گیا۔ پنجاب میں تیل دار فصلوں کی کاشت بڑھانے کیلئے تجاویز کاجائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں امپورٹ بل کم کرنے کیلئے کینولہ، سن فلاور اور دیگر تیل دار فصلوں کیلئے زیر کاشت رقبہ بڑھانے کیلئے بھرپورمہم چلانے کا فیصلہ کیا گیا۔
وزیراعلیٰ نے صوبہ بھر میں جعلی اور ملاوٹ شدہ زرعی ادویات کے خلاف مہم جاری رکھنے کا حکم دیدیا۔ کمشنرمتعلقہ ڈویژن میں جعلی پیسٹی سائیڈز کے خلاف جاری مہم کی مانیٹرنگ کریں گے۔
اس کے علاوہ گندم کے زیر کاشت رقبے کی بجائے پیداوار بڑھانے کی موثر حکمت عملی مرتب کرنے پر اتفاق کرلیا گیا۔ گندم، کپاس اور دیگر فصلوں کی پیداوار بڑھانے کے لئے زرعی مشینری پر مزید سبسڈی کی تجویز پیش کی گئی۔
اجلاس میں پیداوار بڑھانے کے لئے زرعی ماہرین نے ڈرل مشین کے ذریعے فصلوں کی کاشت پر اتفاق کیا۔ صوبہ میں آئی ٹی بیسڈ کاٹن کراپ مینجمنٹ پروگرام کے آغاز کافیصلہ کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے پنجاب بھر میں فارمرز کا ڈیٹا بیس اسی ماہ مکمل کرلیاجائے گا۔
دوران اجلاس وزیراعلیٰ کو بریفنگ دی گئی۔ جس میں بتایا گیا کہ کاٹن کمپین ایڈوائزری سروس کیلئے صوبہ بھر میں تقریباً 2ہزار انٹرنی زرعی گریجوایٹس کی سروسز لی جائیں گی۔ سپارکوکی معاونت سے کپاس کی فصل کے سیٹلائٹ امیج حاصل کئے جائیں گے۔ صوبہ بھر میں کاشتکاروں کو معیاری زرعی مداخل کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔
نگران وزیراعلیٰ نے بتایا کہ کاٹن کی پیداوار کا ہدف ہر صورت حاصل کرنے کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کو بھرپور کاوشیں کرنا ہوں گی۔ مستقبل کے تقاضوں کو مدنظر رکھ کر زرعی ترجیحات کا تعین ضروری ہے۔
زرعی ماہرین نے کہا ہے کہ اچھی فصل کیلئے بیج کا اچھا ہونا او ردرست مقدار میں کاشت ضروری ہے۔
ڈی جی سٹرٹیجک پراجیکٹ میجر جنرل شاہد نذیر، نگران وزیر ایس ایم تنویر،معروف بزنس مین گوہر اعجاز،فوادمختار،چیف سیکرٹری، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو،سیکرٹری زراعت اور ز رعی ماہرین نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ آئل سیڈ سے متعلق ماہرین نے ویڈیولنک کے ذریعے شرکت کی۔