ایک نیوز: لڑکی اور لڑکے کی جانب سے کراچی کے جناح ہسپتال میں چھوڑی گئی نوجوان لڑکی کی لاش معروف ٹک ٹاکر عائشہ کی نکلی ۔ کار میں سوار لڑکی اور لڑکے کی تصاویر بھی سامنے آ گئی ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی ساﺅتھ کا کہناہے کہ آج صبح ساڑھے سات بجے ایک لڑکا اور ایک لڑکی گاڑی میں نوجوان لڑکی کی لاش لے کر جناح ہسپتال کی ایمرجنسی میں آئے جہاں پرچی بناتے وقت کار سوار خاتون نے اپنا نام سحرش بتایا جبکہ مریضہ لڑکی کا نام عائشہ درج کروایا ۔لڑکا اور لڑکی دونوں ہی مردہ حالت میں موجود لڑ کی کی تفصیلات فراہم کرنے کے بعد وہاں سے فرار ہو گئے ۔ کار سواروں نے بتایا کہ وہ لڑکی کو ڈیفنس کے علاقے سے لے کر آئے ہیں ۔
پولیس کا کہناہے کہ جس گاڑی میں وہ لڑکی کو لے کر آئے اس کی بھی تفصیلات حاصل کی جارہی ہیں ۔ ڈاکٹرز نے لڑکی کی لاش سے نشے کے سیمپل حاصل کر لیے ہیں جن کا ٹیسٹ کیا جائے گا جبکہ پوسٹ مارٹم کی تیاری بھی کی جارہی ہے جس سے موت کی وجوہات معلوم ہو سکیں گی ۔ ہسپتال کے کیمروں میں لڑکے اور لڑکی دونوں کے ہی چہرے محفوظ ہو گئے ہیں ۔
پولیس کاکہنا ہے کہ متوفی خاتون عائشہ ٹک ٹاکر تھی، گھر والوں سے رابطہ کر لیا گیاہے۔ عائشہ کا آبائی تعلق شیخوپورہ پنجاب سے تھا گھر والوں کے کراچی پہنچنے کے بعد مزید قانونی کارروائی کا آغاز کیا جائے گا۔ جناح ہسپتال میں عائشہ کو جو مرد اور خاتون چھوڑ کر فرار ہوئے، ان کی گرفتاری کے لیے کوششیں کر رہے ہیں۔