ایک نیوز: سرکاری ملازمین کو بغاوت پر اکسانے کے کیس میں ایک مرتبہ پھر فواد چودھری پر فردجرم عائد نہیں ہوسکی۔ عدالت نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مںظور کرلی۔
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے سرکاری افسران کو اکسانےکےکیس میں فواد چوہدری کے خلاف فرد جرم کی کارروائی مؤخرکردی۔
آج اسلام آباد کی سیشن عدالت میں فواد چوہدری پیش نہ ہوئے اور وکیل کے ذریعے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کردی۔
فواد چوہدری کے وکیل فیصل چوہدری کا کہنا تھا کہ ان کے مؤکل بیمار ہیں اس لیے آج پیش نہیں ہوسکتے، حاضری سے استثنیٰ دیاجائے۔
جج طاہر عباس سپرا کے استفسار پر وکیل فیصل چوہدری نے بتایا کہ بدلتے موسم کے باعث فواد چوہدری کی طبیعت ناساز ہوگئی ہے۔
جج نے ریمارکس دیے کہ فواد چوہدری کو گرمی کا خاص جھٹکا تو نہیں لگا؟ فواد چوہدری پر فرد جرم عائد ہوجائے تو اس کے بعد لمبی چھٹی لے سکتے ہیں،فواد چوہدری اور آپ بھی اپنی صحت کاخیال رکھیں۔
ایڈیشنل سیشن جج طاہرعباس سپرا نے فواد چوہدری کی درخواست استثنیٰ منظورکرلی اور انہیں آئندہ سماعت پر پیش ہونےکا حکم دے دیا۔
عدالت نے فواد چوہدری کے خلاف کیس میں فرد جرم عائدکرنےکی نئی تاریخ 7 جولائی مقرر کردی۔