ایک نیوز: شہر قائد میں شارٹ فال 350 میگا واٹ ہونے کے ساتھ ہی لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 16 گھنٹے تک پہنچ گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی میں بجلی کی طلب 3 ہزار 300 اور سپلائی 2 ہزار 950 میگاواٹ ہے، 350 میگا واٹ کے شارٹ فال کو پورا کرنے کے لیے عوام کو لوڈ شیڈنگ کی بھٹی میں جھونک دیا گیا۔
کراچی کے بڑے حصوں میں 10 سے 12 گھنٹوں کی اعلانیہ و غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ جاری ہے جب کہ اولڈ سٹی ایریا اور مضافاتی علاقوں میں 15 سے 16 گھنٹے کی بجلی بندش ہے۔
لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ علاقوں میں بریک ڈاؤنز معمول بن چکے اور ایک ایک گھنٹے کی لوڈشیڈنگ علیحدہ کی جا رہی ہے۔
لائنز ایریا، صدر ، سٹی ریلوے کالونی، ہجرت کالونی میں 10 سے 12 گھنٹے تک بجلی کا تعطل ہے جب کہ گلبہار، گارڈن، عثمان آباد، لیاری سمیت اولڈ سٹی ایریا میں 12 سے 14 گھنٹے لوڈ شیڈنگ کی شکایات کی جا رہی ہیں۔
اس کے علاوہ نیو کراچی مدینہ کالونی، سندھی ہوٹل، اللہ والی، ناگن چورنگی کے اطراف بھی 10 سے 12 گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے۔
لیاقت آباد سی ون ایریا، ابوالحسن اصفہانی روڈ، ناظم آباد، اورنگی ٹاون، کورنگی کے شہری بھی لوڈ شیڈنگ سے متاثر ہیں۔ ملیر کالا بورڈ، ملت گارڈن، ماڈل کالونی، شاہ فیصل کالونی سمیت گلستان جوہر، صفورا، سچل، سعدی ٹاؤن میں بھی 10 سے 12 گھنٹے بجلی بند ہے۔
سرجانی، نیو لیاری تیسر ٹاؤن، یوسف گوٹھ، ایوب گوٹھ، عبداللہ گوٹھ میں 16 گھنٹے بجلی بندش ہے۔ دوسری جانب شاہ لطیف ٹاؤن، ملیر میمن گوٹھ، عبداللہ آباد، کوہی گوٹھ سمیت دیگر علاقوں میں بجلی کی طویل بندش سے عوام کا جینا حرام ہوگیا۔