یاد رہے کہ چند روز قبل ایک عدالتی دستاویز لیک ہوئی تھی جس سے یہ اشارہ ملتا تھا کہ عدالت اپنے فیصلے میں اسقاط حمل کو غیر قانونی قرار دینے کی حمایت کرے گی۔
سپریم کورٹ کا یہ فیصلہ امریکہ میں اسقاط حمل کے موجودہ قوانین کو تبدیل کر دے گا اور اب مختلف ریاستیں انفرادی سطح پر اسقاط حمل کے طریقہ کار پر پابندی لگانے کے قابل ہو جائیں گی۔
یہ توقع کی جا رہی ہے کہ اس فیصلے کے بعد 50 امریکی ریاستوں میں سے لگ بھگ نصف اسقاط حمل کے حوالے سے نئی پابندیاں متعارف کروائیں گی۔
تیرہ ریاستیں پہلے ہی نام نہاد ’قوانین‘ پاس کر چکی ہیں جو سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد اسقاط حمل کو غیر قانونی قرار دے دیں گے۔ غالب امکان ہے کہ بہت سی دوسری ریاستیں اس ضمن میں نئی پابندیاں تیزی سے عائد کریں گی۔
اسقاط حمل کی سہولت فراہم کرنے والی تنظیم 'پلانڈ پیرنٹ ہڈ' کی تحقیق کے مطابق مجموعی طور پر بچہ پیدا کرنے کی صلاحیت رکھنے والی تقریباً تین کروڑ 60 لاکھ خواتین کے لیے اسقاط حمل کے ذرائع تک رسائی منقطع ہونے کی توقع ہے۔
یاد رہے کہ انیس سو تہترمیں رو بنام ویڈ کیس میں امریکا بھر میں اسقاط حمل کو قانونی قرار دیا گیا تھا مگر اس نئے فیصلے سے امریکی خواتین کو حاصل اسقاط حمل کا حق ختم ہوگیا ہے۔
امریکی سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں ریاستوں کو تولیدی صحت کی سہولیات تک رسائی کو ڈرامائی حد تک محدود کرنے کی اجازت دے دی ہے۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ آئین میں اسقاط حمل کا حق نہیں دیا گیا، رو بنام ویڈ کیس کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جاتا ہے، جس کے بعد اسقاط حمل کے حوالے سے اختیار عوام اور ان کے منتخب نمائندوں کو واپس دیا جاتا ہے۔
یہ فیصلہ ڈوبس بنام جیکسن ویمنز ہیلتھ آرگنائزیشن کیس میں سنایا گیا۔