ویب ڈیسک:چیئرمین پرائم منسٹریوتھ پروگرام رانامشہود نے ملک میں بجلی اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کو تکلیف دہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر آئی ایم ایف کے پروگرام میں نہ جاتے تو یہاں پیٹرول 1200 روپے لیٹر بھی نہیں ملتا اور بجلی 400 روپے یونٹ ہوجاتی۔
وزیراعظم یوتھ پرگرام کے چیئرمین رانا مشہود نے کراچی کے دورے کے موقع پر این ای ڈی یونیورسٹی اور جامعہ کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی خود کہتے تھے کہ ہم آئی ایم ایف کے ساتھ اگر کھڑے نہ ہوئے تو پاکستان دیوالیہ ہو جائے گا جب ان کی حکومت گئی تو پھر وہی شوکت ترین پنجاب اور خیبرپختونخوا کے وزرائے خزانہ کو کہتا ہوا پایا گیا کہ آئی ایم ایف کی ڈیل کو سبوتاژ کرو۔
ان کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں کے عسکری ونگ پر پابندی لگانی چاہیے، پی ٹی آئی کو 9 مئی والے واقعے پر معافی مانگنی چاہیے، پاکستان مخالف قوتیں ناکام ہوں گی، سیاست کا حق سب کو ہے لیکن دہشتگردی کی اجازت کسی کو نہیں ہے، پاکستان کا مستقبل تابناک ہے۔
انہوں نے کہا کہ 2018 تک جب ہم ہر سال ہائر ایجوکیشن کا بجٹ بڑھا رہے تھے اور جب نواز شریف صاحب کو ایک جھوٹے مقدمے میں نااہل کر کے پاکستان کی بدقسمتی کا آغاز کیا گیا تو کیا کسی نے یہ آواز اٹھائی۔
رانا مشہود نے کہا کہ پچھلے 6 سال کے اندر جو ہائر ایجوکیشن کو پیسہ نہیں دیا گیا وہ کیوں نہیں دیا گیا، کیا کسی نے یہ آواز اٹھائی،آئی ایم ایف کی وہ سخت ڈیل جو شوکت ترین صاحب کر کے گئے تھے اس کے اوپر کیا قوم نے احتجاج کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے اندر ہمیں تو آئے ہوئے ابھی 100 دن ہوئے ہیں اور ہم نے 100 دن کے اندر ہمارا سب سے بڑا چیلنج یہ تھا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے فنڈز کے اوپر کٹ لگ رہی تھی لیکن شہباز شریف نے سٹینڈ لیا اور کہا کہ ایک پیسہ نہیں کاٹوں گا۔
انہوں نے کہا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کا یہ سال ہمارے لیے سخت ہے تاہم اس کو ہم نے مینٹین رکھا ہے، اگلے برسوں کے اندر تعلیم سے متعلق ہماری جو کمٹمنٹس حکومتوں میں رہی ہیں پاکستان کے نوجوانوں کے ساتھ وہ اپ کو پوری ہوتی نظر آئیں گی۔
ہمارے خلاف بنائے گئے کیسز ان عدالتوں میں سماعت کیلئے نہیں لگائے جاتے تھے
چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام نے کہا کہ میرے خلاف پنجاب اسمبلی حملہ کیس بنایا گیا، جس کے خلاف عدالت میں گیا تو میرا کیس نہیں لگا بلکہ میرے خلاف انسداد دہشتگردی کے 37 پرچے بنائے گئے، ان کے خلاف بھی عدالت میں گیا تو ان عدالتوں نے وہ کیس بھی نہیں لگایا تو آج ان عدالتوں کا ضمیر کس بات پر جاگا ہے، اگر ہمارے کیسوں کے فیصلے نہیں کر سکتے تھے تو آج آپ پاکستان کو سیاسی استحکام کی طرف کیوں نہیں جانے دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا سپورٹس انڈومنٹ فنڈ کا قیام ہونے جا رہا ہے، پاکستان میں 10 سپورٹس اکیڈمیز کرکٹ،ہاکی، فٹ بال اور والی بال کی بنائی جائیں گی، اس سال پرائم منسٹر سپورٹس ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام میں 16 سے بڑھا کر 23 گیمز کر دی گئی ہیں۔
رانا مشہود کا کہنا تھا کہ رواں برس پاکستان کی پہلی ہاکی لیگ کرانے جا رہے ہیں، کھیل کو صنعت کا درجہ مل چکا ہے، طلبہ میں اگر ٹیلنٹ ہوتا ہے تو وہ سپورٹس کو کیریئر کے طور پر لے کر چلتے ہیں اور لاکھوں میں کماتے ہیں۔
مہنگائی پر بات کرتے ہوئے حکمران جماعت کے رہنما کا کہنا تھا کہ اس وقت بجلی کے بل اور پٹرول کی قیمت انتہائی تکلیف دہ ہے، اگر پاکستان آئی ایم ایف کی ڈیل میں نہ جاتا تو پاکستان خدانخواستہ سری لنکا کی طرح دیوالیہ ہو جاتا۔
انہوں نے کہا کہ میں ہر جگہ نوجوانوں کا ایک ہی ہدف دیکھ رہا ہوں، وہ ترقی، لیول پلینگ فیلڈ کا ہدف ہے، آج کا نوجوان ترقی اور خوش حالی چاہتا ہے۔