پی ٹی آئی کی علامتی بھوک ہڑتال محض ڈرامہ بازی ہے،طلال چودھری 

پی ٹی آئی کی علامتی بھوک ہڑتال محض ڈرامہ بازی ہے،طلال چودھری 
کیپشن: PTI's symbolic hunger strike is just drama, Talal Chaudhary

ایک نیوز:مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چودھری نے کہا  ہے کہ  پاکستان تحریک انصاف  کی علامتی بھوک ہڑتال محض ڈرامہ بازی ہے۔
تفصیلات کے مطابق   رہنما مسلم لیگ ن  طلال چودھری نے کہا کہ دوپہر کے کھانے کے بعد اور شام کی چائے سے پہلے کون سی بھوک ہڑتال ہوتی ہے؟ جس کیلئے  یہ بھوک ہڑتال کر رہے ہیں وہ جیل میں کاجو، بادام اور دیسی مرغ کھا رہا ہے، ان فراڈیوں اور بہروپیوں کا کام فوٹو سیشن اور پارٹ ٹائم انقلاب ہے۔

ہڑتال کرنا ان کا آئینی حق ہے لیکن صرف 4 گھنٹے کی بھوک ہڑتال وہ بھی لنچ کے بعد، پی ٹی آئی کے ان رہنماؤں کو بانی پی ٹی آئی کے اعترافی بیان پر بھوک ہڑتال کرنی چاہئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ انہیں بانی پی ٹی آئی کے 9 مئی واقعہ کا اعترافی بیان دینے کے بعد پولی گرافک ٹیسٹ سے انکار اور بانی پی ٹی آئی کے دوغلے پن پر بھی بھوک ہڑتال کرنی چاہئے، تحریک انتشار کے سرغنہ کا اعترافی بیان 9 مئی کے واقعات کا اقبال جرم ہے۔

طلال چودھری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی بہنیں اور بھانجے کور کمانڈر ہاؤس کے باہر موجود تھے جو لوگوں کو ٹارگٹ پر پہنچنے کی ہدایات دیتے رہے، تحریک انصاف نے ہمیشہ پاکستان کو کمزور کرنے کی سازش کی۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ کبھی بھوک ہڑتال اور کبھی پاکستان کو بند کرنے کی سازش کرتے رہے، بانی پی ٹی آئی کے ماضی کے ناقد محمود خان اچکزئی بھوک ہڑتالی کیمپ میں نوکری کی تلاش میں ہیں،یہ جتنی مرضی ہڑتالیں کرلیں ان کے ہاتھ کچھ نہیں آنے والا، تحریک انتشار کا جمعہ کو بھی فلاپ شو ہوگا۔