ایک نیوز: چیئرمین پی ٹی آئی کی اسلام آباد کچہری میں پیشی کے دوران نامعلوم شخص نے عمران خان پر پانی کی بوتل پھینک دی، عمران خان پانی کی بوتل لگنے سے بچ گئے۔
عمران خان توشہ خانہ فوجداری کیس میں حاضری کیلئے اسلام آباد کے جی 11 مرکز میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کی نئی عمارت میں پیش ہوئے جو حال ہی میں ایف 8 سے یہاں منتقل کی گئی تھی۔
عمران خان سیکیورٹی اہلکاروں کے حصار میں بلٹ پروف شیٹس سے گھرے کچہری میں داخل ہو رہے تھے کہ ایک پانی کی بوتل اوپر سے ان کے اوپر گری، تاہم وہ شیٹس کی وجہ سے محفوظ رہے۔
اس سے کچھ دیر قبل ہی خاتون جج دھمکی کیس میں عمران خان کے وکیل نے سیکیورٹی خدشات کا اظہار کیا تھا۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی عطاتارڑ کی مبینہ آڈیو لیک
دوسری جانب لیگی رہنما اور وزیراعظم کے معاون خصوصی عطاتارڑ کی ایک آڈیو لیگ ہوئی ہے۔ جس میں وہ ن لیگ سے وابستہ وکلاء کو ضلعی کچہری پہنچنے کی تلقین کررہے ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف نے عطاتارڑ کی آڈیو لیک آج کمرہ عدالت میں سنائی۔
آڈیو لیک کی سنوائی کے وقت عطاتارڑ اور چیئرمین پی ٹی آئی کمرہ عدالت میں موجود تھے۔ آڈیو پیغام میں عطاء تارڑ کہہ رہے ہیں کہ کل دس بجے میرے دفتر سب جمع ہوں، ہماری عدالت میں حاضری ہونی چاہیے، میں لاہور کے دوستوں سے بھی درخواست کروں گا کہ دو تین روز توجہ دیں۔
آڈیو میں وہ مزید کہہ رہے ہیں کہ پی ٹی آئی کی حاضری زیادہ ہوتی ہے۔ اس لیے وہ بدمعاشی کرتےہیں، ہماری حاضری عدالت میں زیادہ ہونی چاہیے، کل میرے دفتر میں اکٹھے ہو کر جوڈیشل کمپلیکس نکلیں گے،عدالت میں کل اکٹھے داخل ہو کر اپنی حاضری دکھانی چاہیے۔
عطاء تارڑ کو کہتے سنا جاسکتا ہے کہ صحافیوں سے بھی گزارش ہےکہ آپ بھی معاونت کریں،پی ٹی آئی بدمعاشوں کی طرح دندناتے ہیں اور ہمارے دو لوگ عدالت میں ہوتے ہیں۔ ابھی ہم حکومت میں ہیں تو یہ حالات ہیں۔