ایک نیوز: وزیراعظم شہباز شریف نے روس اور چین کےلیے پاکستان کے نئے سفیروں کی منظوری دے دی ہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق خلیل ہاشمی چین میں پاکستان کے سفیر ہونگے جبکہ خالد جمالی کو روس میں پاکستان کا نیا سفیر مقرر کیا گیا ہے۔ چین میں سفیر تعیناتی سے قبل خلیل ہاشمی اقوام متحدہ کے لیے جنیوا میں پاکستان کے مستقل نمائندے کے طور پر خدمات سرانجام دے رہے تھے جبکہ خالد جمالی اس وقت پولینڈ میں پاکستانی سفیر ہیں۔خلیل ہاشمی کو معین الحق کی جگہ چین میں پاکستان کا سفیر تعینات کیا گیا ہے۔
چین میں سفیر تعینات ہونے سے قبل خلیل ہاشمی تین سال تک فرانس میں بھی پاکستان کے سفیر رہ چکے ہیں۔معین الحق اگست 2020 سے چین میں بحیثیت سفیر خدمات سرانجام دے رہے تھے۔
یاد رہے کہ وزارت خارجہ نے سفیروں کی تعیناتی کیلئے سمری وزیراعظم کو بھجوائی تھی۔