نگران وزیراعلیٰ کا محرم سیکیورٹی انتظامات کیلئے مرکزی مانیٹرنک کنٹرول روم کا دورہ

Jul 24, 2023 | 11:53 AM

ایک نیوز: نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی سول سیکرٹریٹ آمد، محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی انتظامات کی مانیٹرنگ کیلئے قائم محکمہ داخلہ کے مرکزی کنٹرول روم کا دورہ کیا۔

محسن نقوی نے مرکزی کنٹرول روم سے صوبہ بھر میں محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کےلئے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ محسن نقوی نے مرکزی کنٹرول روم میں کیے گئے مانیٹرنگ کے انتظامات کا تفصیلی مشاہدہ کیا۔ 

اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ پنجاب بھر میں منعقد ہونے والی مجالس اورجلوسوں کی جیوٹیگنگ کی گئی ہے۔ پنجاب میں 502 مقامات حساس قرار دیے گئے ہیں۔ ضابطہ اخلاق جاری کردیا گیا ہے۔ خلاف ورزی پر قانونی کارروائی ہوگی۔ سیکیورٹی انتظامات میں معاونت کیلئے پاک فوج  کو بھی طلب کیا گیا ہے۔ مجالس اور جلوسوں کی نگرانی سی سی ٹی وی کیمروں سے کی جا رہی ہے۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے پوری طرح چوکس رہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ جلوسوں اور مجالس کے اختتام پذیر ہونے تک سکیورٹی ہائی الرٹ رہے۔ قیام امن کو یقینی بنانے کیلئے تمام تر توانائیاں اور صلاحیتیں بروئے کار لائی جائیں۔ امن و امان کی صورتحال کی مانیٹرنگ کیلئے صوبائی وزراء کو بھی ذمہ داریاں دی گئی ہیں۔ محرم الحرام کے دوران بھائی چارے اورمذہبی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھایا جارہا ہے۔ 

محسن نقوی کو ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ نے سیکیورٹی انتظامات کے بارے میں بریفنگ دی۔ جس میں بتایا گیا کہ مرکزی کنٹرول روم میں سی سی ٹی وی کوریج، ڈیش بورڈاورمیڈیا کی مانیٹرنگ کیلئے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ مرکزی کنٹرول روم کو ڈویژنل اورڈسٹرکٹ کنٹرول روم کے ساتھ لنک کیا گیا ہے۔ فورتھ شیڈول میں شامل افراد کی نقل و حرکت پر پابندی اور صوبہ بھر میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کئے جا رہے ہیں۔ 

بریفنگ میں بتایا گیا ہے کہ پنجاب بھر میں عشرہ محرم کے دوران 37ہزار مجالس کی سیکیورٹی کے لئے ایک لاکھ سے زائد پولیس افسروں اور اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔ 70ہزار رضا کار بھی سکیورٹی پر متعین ہیں۔ مساجد، امام بارگاہوں اور دیگر عبادت گاہوں پر پولیس کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے۔

مزیدخبریں