ایک نیوز: بھارت میں بوائے فرینڈسے ملاقاتوں کیلئے انوکھا طریقہ اختیار کرنے والی لڑکی پکڑی گئی،ہوا کچھ یوں کہ لڑکی ملاقات کیلئے پورے گاؤں کی بجلی منقطع کرتی رہی جبکہ بجلی کی بندش سے پریشان گاؤں والے لوڈ شیڈنگ کا سبب ہی ڈھونڈھتے رہ گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بہار کے علاقے چمپاران میں دوسرے گاؤں کے لڑکے سے ملنے کیلئے پریتی کماری ہر بار ملاقات سے قبل اپنے پورے گاؤں کی بجلی بند کردیتی تھیں تا کہ اندھیرے میں چھپ کر ملاقات کر سکے۔آدھی رات کو بجلی کی بندش سے پریشان گاؤں والوں نے لوڈشیڈنگ سے متعلق شکایات کیں تاہم انہیں معلوم ہوا کہ بجلی فراہم کرنے والے اداروں کی جانب سے بجلی بند نہیں کی جاتی جس کے بعد گاؤں والوں نے خود ہی معاملے کی چھان بین کا فیصلہ کیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بجلی کی بندش میں ہونے والی ملاقاتیں زیادہ دیر اندھیرے میں نہ رہ سکیں، اگلی مرتبہ بجلی بند ہوتے ہی گاؤں والے باہر نکل آئے اور انہوں نے پریتی کماری اور راجکمار کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا جس کے بعد گاؤں والوں نے راجکمار کو تشددکا نشانہ بھی بنایا۔
دوسرے گاؤں کے راجکمار پر تشدد کرنے پر دونوں دیہاتوں کے درمیان تنازع پیدا ہو گیا تھا تاہم ایک ہفتے بعد دونوں گاؤں اسی نتیجے پر پہنچے کہ پریتی اور راجکمار کی شادی کروادی جائے۔بھارتی میڈیا کے مطابق دونوں دیہاتوں کے فیصلے کے بعد پریتی کماری اور اس کے بوائے فرینڈ راجکمار کو ایک مقامی مندر میں شادی کے بندھن میں باندھ دیا گیا۔