ایک نیوز: پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹر امام الحق نے کہا ہے کہ کوشش کریں گے پہلے میچ کی غلطیاں نہ دہرائیں۔
سری لنکن دورے کے دوران انٹرویو میں امام الحق نے کہا کہ گال ٹیسٹ میں سری لنکا کے خلاف ہم نے اہم فتح حاصل کی۔ اندازہ تھا چھوٹے ہدف کو بچانے کےلیے سری لنکا جارحانہ بولنگ کرے گا، یہی کوشش تھی کہ جوابی وار کروں تاکہ حریف پر دباؤ رہے۔
امام الحق نے مزید کہا کہ سعود شکیل اور آغا سلمان پاکستان کو میچ میں واپس لائے، گال کی وکٹ پر چوتھی اننگز میں بیٹنگ آسان نہیں ہوتی۔ جب آپ کو سیریز میں برتری ہوتی ہے تو اعتماد ملتا ہے، ہم سب کو اندازہ ہے کہ ابھی اصل ہدف سیریز کو جیتنا ہے۔
پاکستانی بیٹر نے یہ بھی کہا کہ گال ٹیسٹ کی جیت کا فائدہ اس وقت ہوگا جب کولمبو میں وہی کارکردگی دہرائیں، کوشش کریں گے کہ پہلے میچ میں جو غلطیاں ہوئیں وہ نہ دہرائیں۔ جب پلیئرز کو حوصلہ دیا جاتا ہے تو پلیئر پورے اعتماد سے کھیلتا ہے، سری لنکا آنے سے پہلے 20 سے 25 دن بھرپور تیاری کی تھی۔
امام الحق نے کہا کہ پچھلے ایک ڈیڑھ سال سے ہماری فیلڈنگ بھی کافی بہتر ہوئی ہے، بابر اعظم نے سب کو یہی کہا ہے کہ خود کو کھیل کے ہر شعبے میں بہتر کرنا ہے۔ امید ہے کولمبو میں گال سے بہتر وکٹ رہے گی۔