اٹلی پاکستانی برآمدات کی 7ویں بڑی مارکیٹ بن چکا ہے، جوہر سلیم

pak Italy Exports Increased
کیپشن: pak Italy Exports Increased
سورس: APP

ایک نیوز نیوز:اٹلی پاکستان کی ایک ارب ڈالر سے زیادہ مالیت کی برآمدات کی 7ویں بڑی مارکیٹ بن چکا ہے،گذشتہ مالی سال کے دوران اٹلی کو کی جانے والی قومی برآمدات میں 46فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

اٹلی میں پاکستان کے سفارتخانہ کے اعدادو شمار کے مطابق گذشتہ مالی سال میں اٹلی کو 1.146ارب ڈالر مالیت کی برآمدات کی گئی ہیں، جو مالی سال20۔ 2020 کے مقابلہ میں 46فیصد زیادہ رہی ہیں۔اسی طرح جون 2022ء کے دوران اٹلی کو 144ملین ڈالر کی برآمدات کی گئیں جو کسی ایک ماہ کے دوران اٹلی کو کی جانے والی سب سے زیادہ برآمدات ہیں۔

رپورٹ کے مطابق مالی سال 2021 کے مقابلہ میں گذشتہ مالی سال کے دوران پاک اٹلی دو طرفہ تجارت متوازن پاکستان کے حق میں رہا ہے اور اس دوران ٹریڈ سرپلس 91فیصد کی شرح نمو سے 573ملین ڈالر تک بڑھا ہے۔

دوسری جانب اٹلی میں مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زر کی وصولیاں بھی دوران سال 41فیصد زیادہ رہی ہیں۔ اٹلی میں پاکستان کے سفیر جوہر سلیم نے اس حوالہ سے پاکستانی برآمد کنندگان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ برآمد کنند گان کی محنت سے اٹلی پاکستان کی ایک ارب ڈالر سے زیادہ کی 7ویں بڑی برآمدی بن چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گذشتہ مالی سال میں اٹلی کو کی جانے والی پلاسٹک مصنوعات کی برآھمدات میں 208فیصد ، کھیلوں کے سامان 80فیصد ، چمڑے کی مصنوعات 42فیصد ، ہوم ٹیکسٹائلز میں 36فیصد اور ملبوسات کی برآمدات میں 35فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی برآمد کنندگان اٹلی کی مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ویلیو ایڈیڈ مصنوعات کی تیاری پر توجہ دیں جس سے قومی برآمدات کے اضافہ میں مدد ملے گی