شہباز شریف نے عمران خان کا آزاد کشمیر میں ریفرنڈم کا بیان مسترد کر دیا

Jul 24, 2021 | 14:05 PM

admin
لاہور: قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی شہباز شریف نے وزیر اعظم عمران خان کا آزاد کشمیر میں ریفرنڈم سے متعلق بیان مسترد کر دیا انہوں نے کہا کہ عمران خان کشمیر میں ریفرنڈم کی بات کر کے پاکستان کے تاریخی اور آئینی موقف سے انحراف کر رہے ہیں۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں مسلم لیگ (ن) کے صدر اور شہباز شریف نے کہا کہ جموں وکشمیر کا فیصلہ اقوام متحدہ کی نگرانی میں شفاف آزادانہ استصواب رائے کے ناقابل تنسیخ حق سے ہوگا، پاکستان اور کشمیر کے عوام کا یہی موقف ہے اور کشمیریوں کی مرضی اور مشاورت کے بغیر کوئی حل ان پر ٹھونسنا بھارت کی مدد کرنا اور کشمیر کاز سے غداری کے مترادف ہے۔


صدر (ن) لیگ نے مزید کہا کہ عمران خان آزاد کشمیر میں ریفرنڈم کی بات کر کے پاکستان کے تاریخی اور آئینی موقف سے انحراف کر رہے ہیں۔ مسئلہ جموں وکشمیر پر پاکستان کے تاریخی موقف اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں سے ہٹ کر کوئی بھی موقف ہم اور پوری قوم مسترد کرتی ہے۔

مزیدخبریں