بلوچستان میں بھارتی دہشتگردی کے ثبوت منظرعام پر آگئے

بلوچستان میں بھارتی دہشتگردی کے ثبوت منظرعام پر آگئے
کیپشن: Evidence of Indian terrorism in Balochistan came to the fore

ایک نیوز: بلوچستان میں بھارتی دہشتگردی کےثبوت منظر عام پر آگئے۔ گلوبل ٹائمز کا کہنا ہے کہ پاکستانی سرزمین پر بھارت کی جانب سے کی جانے والی دہشتگردی کے شواہد موجود  ہیں۔ بھارت خفیہ طور پر پاکستان میں دہشتگرد قوتوں کی مالی معاونت کر رہا ہے۔

گلوبل ٹائمز کے مطابق پاکستان میں انتشارپھیلانے کے لیے بھارت بلوچستان میں مخصوص دہشتگرد فورسز کو مالی مدد اور اسلحہ فراہم کررہاہے۔ پاکستان میں بھارتی دہشتگردی کی ایک طویل تاریخ موجود ہے۔ بھارت خطےمیں علاقائی استحکام کو نقصان پہنچانے کے لیے بلوچستان میں مقامی لوگوں کو بغاوت پر اکسا رہا ہے۔ 

دسمبر 2023 میں بلوچ نیشنل آرمی کے کمانڈر سرفراز احمد بنگلزئی نے اس بات کا اعتراف کیا کہ بھارت بلوچستان میں خفیہ طور پر دہشتگردانہ کارروائیوں کی حمایت کر رہا ہے۔ مارچ 2016 میں بلوچستان سے بھارتی خفیہ جاسوس کلبھوشن یادیو کو دراندازی کی کوشش کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔ 

دی ہندو کے مطابق بلوچ لبریشن آرمی کے کمانڈر ماضی میں ہندوستان کے ہسپتالوں میں اکثر جعلی شناخت استعمال کر کے علاج کی کوشش کرتا رہا۔ چائنیز اکیڈمی آف سوشل سائنسز کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل اسٹریٹجی کے ڈپٹی ڈائریکٹر یی ہیلن نے گلوبل ٹائمز کو بتایا کہ ہندوستان دہشت گردی کے حوالے سے مسلسل دوہرا معیار اپناتا آیا ہے۔ 

گلوبل ٹائمزکے مطابق بھارت نے عالمی سطح پر پاکستان کی تشخص کو خراب کرنے کی مذموم کوششیں کیں۔ بھارت کا پاکستان میں دراندازی کا مقصد سرمایہ کاری کو روکنا اور پاکستان کو ایف اے ٹی ایف کی بلیک لسٹ میں شامل کرنا ہے۔