پاکستان رینجرز کی کچے کے علاقے میں کارروائی، 20 لاکھ ہیڈ منی کا ملزم گرفتار

Jan 24, 2024 | 12:13 PM

ایک نیوز: پاکستان رینجرز سندھ اور پولیس کا کچے کے علاقے میں مشترکہ آپریشن جاری ہے۔ جس میں ڈکیتی، اغوا برائے تاوان، قتل، سہولتکاری اور مختلف جرائم میں ملوث 20 لاکھ ہیڈ منی والا ملزم گرفتار کرلیا گیا ہے۔

ترجمان پاکستان رینجرز سندھ کیجانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق پاکستان رینجرز کی اندرون سندھ کچے کے علاقے میں ڈکیتوں اور جرائم  پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ 

اندرون سندھ ضلع شکارپور تحصیل خانپور کے علاقے گوٹھ شیر محمد بروہی میں ڈکیتی، اغوا برائے تاوان، قتل، سہولتکاری اور مختلف جرائم میں ملوث ملزم چاکر کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزم کے قبضے سے 1عدد ایس ایم جی، 1عدد 12بور، 285عدد راؤنڈز اور ایک عدد موٹرسائیکل برآمد کرلی گئی۔ 

گرفتار ملزم کے خلاف مختلف تھانوں میں 15سے زائد ایف آئی آرز درج ہیں جبکہ سندھ پولیس کی جانب سے ملزم کی گرفتاری میں معاونت کے لیے 20لاکھ روپے سر کی قیمت بھی مقرر کی ہوئی تھی۔ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم نے پولیس کے اے ایس آئی عبدالغنی ابڑو کے قتل میں بھی ملوث ہونے کا انکشاف کیا ہے۔

گرفتار ملزم کو بمعہ اسلحہ وایمونیشن اور مسروقہ سامان سمیت مزید قانونی کاروائی کے لیئے پولیس کے حوالے کر دیا گیاہے۔

ترجمان کے بیان کے مطابق عوام ڈاکوؤں کو پناہ دینے والے عناصر اور دیگر بااثر افراد کی نشاندہی کریں اور سندھ کو جرائم پیشہ افراد سے پاک کرنے میں سندھ رینجرز کی مدد کے لیے رینجرز ہیلپ لائن  1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے فوری اطلاع دیں۔ آپ کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔

مزیدخبریں