ایک نیوز :آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات میں پاکستان نے گیس کی قیمت اور پٹرول لیوی بڑھانے کی یقین دہانی کردی ۔
تفصیلات کےمطابق پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان ورچوئل مذاکرات ہوئے جس میں حکومت نے آئی ایم ایف کو پیٹرولیم لیوی اور گیس کی قیمت بڑھانے سمیت ٹیکس وصولیوں کا ہدف حاصل کرنے کی یقین دہانی کرادی جب کہ آئی ایم ایف نے بجلی پر سبسڈی ختم کرنے کا مطالبہ کردیا۔
وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق پاکستان کے آئی ایم ایف جائزہ مشن کے ساتھ ہونے والے ورچوئل مذاکرات میں پاکستانی ٹیم کی قیادت سیکریٹری خزانہ حامد یعقوب شیخ نے کی جبکہ آئی ایف ٹیم کی سربراہی جائزہ مشن کے سربراہ ناتھن پورٹر کررہے تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کو سیلاب سے متعلقہ منصوبوں پر آنے والے اخراجات کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا گیا۔ آئی ایم ایف کے ساتھ ورچوئل مذاکرات میں اہم پیش رفت کے بعد آئی ایم ایف کے ساتھ گلے اقتصادی جائزہ کی تکمیل اور پروگرام ٹریک پر لانے کے لیے فیزیکل مذاکرات کا شیڈول طے پانے کے امکانات ہیں اور توقع کی جارہی ہے کہ رواں ہفتے آئی ایم ایف سے شیڈول بارے اہم پیش رفت ہوگی۔
ذرائع کے مطابق پاکستانی وفد نے آئی ایم ایف حکام کو گیس کی قیمتوں میں جلد اضافے کے متوقع فیصلے سے بھی آگاہ کیا، وفد نے بتایا کہ گیس کی قیمتوں میں اضافہ یکم جولائی 2022ء سے ہوگا، گیس کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری جلد ہی کابینہ دے گی، ساتھ ہی گیس کے شعبے کا گردشی قرضہ بھی ختم کیا جارہا ہے، پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی بھی مرحلہ وار بڑھائی جا رہی ہے۔