بلاول بھٹو کی وزارتِ عظمیٰ کی خواہش پر ہمیں کوئی اعتراض نہیں: حنیف عباسی

بلاول بھٹو کی وزارتِ عظمیٰ کی خواہش پر ہمیں کوئی اعتراض نہیں: حنیف عباسی

ایک نیوز : مسلم لیگ ن کے رہنما حنیف عباسی کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو کی وزارتِ عظمیٰ کی خواہش پر ہمیں کوئی اعتراض نہیں۔ عمران خان نے سیاسی غلطی کی ہے اس کا انہیں خمیازہ بھگتنا پڑے گا، گورنر الیکشن کی تاریخ کا اعلان آئین اور قانون کے مطابق کریں گے، آئین و قانون عمران خان کےتابع نہیں ہو سکتا۔

حنیف عباسی نے لاہور ہائی کورٹ کے باہر ملک کی موجودہ سیاسی صورتِ حال پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ استعفے آگئے اور منظور بھی ہوگئے ہیں۔

حنیف عباسی نے کہا کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کے الیکشن میں نواز شریف، شہباز شریف اور مریم نواز لیڈ کریں گی۔

اُن کا یہ بھی کہنا ہے کہ الیکشن میں امیدوار پی ڈی ایم کی طرف سے نہیں بلکہ ہم الگ الگ الیکشن لڑیں گے، مسلم لیگ ن اپنی حیثیت رکھتی ہے اور ہم ان شاء اللّٰہ کامیاب ہوں گے۔

قبل ازیں ایفی ڈرین میں سزا کےخلاف مسلم لیگ ن کے رہنما حنیف عباسی کی اپیل پر لاہور ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی۔

حنیف عباسی کی درخواست پر جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے کیس کی عدالت میں سماعت کی۔

سماعت کے دوران حنیف عباسی اپنے وکیل احسن بھون کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔

جسٹس عالیہ نیلم کا ایڈووکیٹ احسن بھون سے سوال کیا کہ کیوں نہ کیس کو آئندہ سماعت پر سن لیا جائے۔

ایڈووکیٹ احسن بھون نے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ مجھے کوئی اعتراض نہیں ہے۔

جس کے بعد 2 رکنی بینچ نے کیس کی مزید سماعت یکم فروری تک ملتوی کر دی۔

واضح رہے کہ حنیف عباسی نے 14 سال کی سزا کے خلاف لاہور ہائی کورٹ میں اپیل دائر کر رکھی ہے۔