ایک نیوز :2020 میں بیروت میں ہونیوالے دھماکوں کے معاملے پر لبنان کے سابق وزیراعظم پر فرد جرم عائد کردی گئی ۔
تفصیلات کےمطابق لبنان کے دارالحکومت بیروت کی بندرگاہ پر 2020 میں دھماکے ہوئے تھے جس میں سابق وزیراعظم حسن دیاب پر فردِ جرم عائد کردی گئی۔غیرملکی میڈیا کے مطابق سابق وزیراعظم حسن دیاب پر ممکنہ ارادے کے ساتھ قتل کی فردِ جرم عائد کی گئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق لبنان کے پراسیکیوٹر جنرل پر بھی فردِ جرم عائد کی گئی ہے۔غیرملکی میڈیا کے مطابق بندرگاہ پر دھماکے کے مقدمے میں دیگر 3 ججوں پر بھی فردِ جرم عائد کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ لبنان کے دار الحکومت بیروت میں 4 اگست 2020ء بروز منگل یکے بعد دیگرے کئی زوردار دھماکے ہوئے۔ یہ دھماکے بیروت کی بندرگاہ پر ہوئے جن کے نتیجے میں سینکڑوں افراد کی ہلاک اور 4,000 افراد زخمی ہوئے ،لبنان کی جنرل سیکیورٹی کے ڈائریکٹر جنرل عباس ابراھیم کے مطابق بیروت کی بندرگاہ پر 2,750 ٹن امونیم نائٹریٹ بغیر کسی حفاظتی اقدامات کے ذخیرہ کیا گیا تھا جو ان دھماکوں کا سبب بنا۔
عینی شاہدین کے مطابق یہ آتش بازی جیسا عمل لگتا تھا۔دھماکوں نے وسطی بیروت کو ہلا کر رکھ دیا، سرخی مائل دھوئیں اور گرد کا بادل فضا میں پھیل گیا۔