ایک نیوز: ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل اسلام آباد کی بڑی کارروائی کرتے ہوئے ہنڈی حوالہ میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا۔
رپورٹ کے مطابق کمرشل بینکنگ سرکل اسلام آباد نے خفیہ اطلاع پر ہنڈی حوالہ میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔ملزم فیصل محمود پرائز بانڈ کی آڑ میں کرنسی ایکسچینج کا کاروبار کر رہا تھا۔ملزم کو فوارہ چوک اٹک سے گرفتار کیا گیا ہے۔دوران تلاشی ملزم سے 500 سعودی ریال, 800 امریکی ڈالر اور 20 برطانوی پاونڈ برآمد کر لئے گئے ہیں۔ملزم برآمد ہونے والی کرنسی رکھنے کے حوالے سے جواز پیش کرنے میں ناکام رہا ہے۔ ایف آئی اے نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیاہے۔
واضع رہے کہ ایف آئی اے بینکگ سرکل پشاور نے کارروائی کرتے ہوئے غیر ملکی کرنسی کی اسمگلنگ میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر لیا تھا۔ ایف آئی اے چھاپہ مار ٹیموں نے غیر ملکی کرنسی کی اسمگلنگ میں ملوث تین ملزمان کو گرفتار کر لیا تھا۔ ملزمان کے قبضے سے 21270 سعودی ریال 72 لاکھ چالیس ہزار روپے برآمد ہوئے تھے۔ ملزمان حوالہ ہنڈی کے ذریعے کرنسی سمگلنگ میں ملوث تھے ۔تینوں ملزمان کے موبائل فون بھی لے کر فرینزک کے لئے بھجوائے گئے ۔ملزمان کو ضلع دیر اور پشاور کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا ہے ۔تینوں ملزمان کے خلاف فارن ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے ضابطے کی کارروائی شروع کر دی ہے۔
ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل راولپنڈی نے بھی کارروائی کرتے ہوئے عدالتی اشتہاری عامر عباس کو گرفتار کر لیا تھا۔ملزم نے سال 2019 میں شکایت کنندہ کی قابل اعتراض تصاویر اور ویڈیوز شیئر کی تھی۔ملزم کو سال 2021 میں عدالتی مفرور قرار دیا گیا تھا جس کے بعد سے ایف آئی اے سائبر کرائم نے ملزم کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارنا شروع کر دیے تھے۔ملزم کو گوجر خان سے گرفتار کیا گیا تھا۔ملزم کے خلاف درج مقدمے میں مزید تفتیش جاری ہے۔