ایک نیوز: وزیراعظم کے معاون خصوصی فہد ہارون کو پبلک کمیونیکیشن اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کا قلمدان سونپ دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے معاون خصوصی فہد ہارون کو ذمہ داریاں سونپ دی گئیں۔ انہیں پبلک کمیونیکیشن اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کا قلمدان دیا گیا ہے۔ فہد ہارون کو قلمدان سونپے جانے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ فہد ہارون سرکاری اور نجی شعبے میں اہم عہدوں پر فرائض سرانجام دے چکے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ ڈیجیٹل کمیونیکیشن کا وسیع تجربہ بھی رکھتے ہیں۔
دوسری جانب وفاقی کابینہ نے توشہ خانہ پالیسی میں ردوبدل کا فیصلہ کرلیا۔ وفاقی کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ توشہ خانہ کا تمام ریکارڈ پبلک کیا جائے گا اور عوام سے کوئی چیز نہیں چھپائی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا۔ کابینہ ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے توشہ خانہ کا تمام ریکارڈ پبلک کرنے کی منظوری دے دی۔ کون سے حکمران نے کتنے تحائف لیے کتنی رقم ادا کی سب پبلک ہوگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں توشہ خانہ سے متعلق وزارتی کمیٹی کی سفارشات منظور۔ کرلی گئی ہیں۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ عوام سے کوئی چیز نہیں چھپائیں گے۔ ہر معاملے میں شفافیت کو یقینی بنائیں گے۔