ایک نیوز: سمبڑیال کے گاؤں دھانانوالی میں موم بتی سے گھر کے کمرے میں آگ بھڑک اٹھی جس سے دو بچے جھلس کر جاں بحق جبکہ ماں بیٹی سمیت تین افراد زخمی ہو گئے۔
رپورٹ کے مطابق سیالکوٹ کی تحصیل سمبڑیال کے نواحی گاؤں دھانانوالی میں موم بتی سے گھر کے کمرے میں آگ بھڑک اٹھی اور چند ہی منٹوں میں آگ نے پورے کمرے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق آتشزدگی سے دو بچے 6 سالہ نمرہ 4 سالہ ابوبکر جھلس کر جان کی بازی ہار گئے جبکہ ماں اور بیٹی سمیت تین افراد شدید زخمی ہوئے جن کو ٹی ایچ کیو ہسپتال منتقل کردیا جبکہ لاشوں کو باہر نکال کر لواحقین کے حوالے کر دیا گیاہے۔
ریسکیو حکام کا مزید کہناہے کہ بجلی بریک ڈاؤن کے سبب گھر میں موم بتی جلائی گئی تھی، جلتی موم بتی بستر پر گرنے سے آگ پھیلی۔
واضع رہے کہ ڈھوک کالا خان میں گھر میں آتشزدگی سے 100 سالہ خاتون جاں بحق ہو گئی تھی جبکہ ایک خاتون شدید زخمی ہو گئی تھی ۔ جاں بحق ہونے والی خاتون رات کو گیس ہیٹر جلا کر سوگئی تھی جس کے باعث گیس ہیٹر کے قریب پڑے کپڑوں نے آگ پکڑی جس کی وجہ سے گھر میں آگ لگ گئی تھی۔ جاں بحق ہونے والی خاتون کی شناخت سارہ بی بی کے نام سے ہوئی تھی ۔ گھر میں موجود رابعہ نامی دوسری خاتون جھلس کر زخمی ہوگئی تھی ۔
لاہور میں کلمہ چوک میں بھی ایک گھر میں آگ بھڑ اٹھی تھی جس سے 5 سالہ لڑکا شدید زخمی جبکہ اسکی بہن جاں بحق ہو گئی تھی۔ کلمہ چوک کے قریب فالکن سوسائٹی میں واقع ایک گھر میں آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا تھا جس سے معصوم بہن جاں بحق جبکہ 5 سالہ بھائی شدید زخمی ہو گیا جس کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔