پنجاب: نگران کابینہ کی تشکیل، 6 وزراء کی حلف برداری آج متوقع

Jan 24, 2023 | 09:36 AM

ایک نیوز: پنجاب میں نگران کابینہ کے لیے چند وزراء کے آج حلف اٹھائے جانے کا امکان ہے۔ جس کے لیے مشاورتی عمل مکمل کرلیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق  پہلے مرحلے میں محکمہ داخلہ، اطلاعات، فنانس، وزرات قانون،  خوراک اور صحت کی وزارتیں تشکیل دی جائیں گی۔

مشاورت کے بعد نگران کابینہ کیلئے منتخب 6 وزرا کا آج حلف اُٹھانے کا امکان ہے۔

دوسری جانب خیبر پختونخوا کی نگران کابینہ کی فہرست بھی تیار کر لی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق وزرا کی تعداد دس سے کم ہوگی  جبکہ  ایک خاتون بھی نگران کابینہ میں شامل ہوگی۔

یاد رہے کہ پنجاب میں نگراں وزیراعلیٰ کے لیے الیکشن کمیشن آف پاکستان نے محسن نقوی کو نامزد کیا ہے۔ جن کی تعیناتی کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔ 

اس سے قبل پی ٹی آئی کی جانب سے نگران سیٹ اپ کے لیے دو نامزد تجویز کیے گئے تھے جبکہ اپوزیشن کی جانب سے محسن نقوی اور احد چیمہ کا نام دیا گیا تھا۔ حکومت اور اپوزیشن کی جانب سے کسی نام پر اتفاق نہ ہونے اور اس کے بعد پارلیمنٹ میں بھی معاملہ لٹک جانے کے بعد الیکشن کمیشن نے قانون کے مطابق نگران وزیراعلیٰ کی تعیناتی کردی۔

نگران وزیراعلیٰ کی تعیناتی کے اعلان کے فورا بعد پی ٹی آئی اور ق لیگ کی جانب سے تعیناتی کو مسترد کرتے ہوئے عدالت جانے کا اعلان بھی کیا گیا۔ 

مزیدخبریں