ایک نیوز : مسلم لیگ ن لاہورکی تنظیم سازی شروع ہوگئی، سیف الملوک کھوکھر کو لاہور کا صدر بنا دیا گیا۔چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن مریم نواز نے سیف الملوک کھوکھر کو مبارکباد پیش کی۔
تفصیلات کےمطابق لاہور کا صدر بننے کے بعد چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن مریم نواز اور مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز کا سیف الملوک کھوکھر سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا۔ دونوں رہنماؤں نے ملک سیف الملوک کھوکھر کو پارٹی کا ضلعی صدر بننے پر مبارکباد دی۔چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن مریم نواز کا کہنا تھاکہ آپ پارٹی کا فخر ہیں اور ہمیشہ پارٹی کےساتھ کھڑے رہے، مشکل دورمیں کھوکھر برادران پارٹی کے ہمیشہ ساتھ ڈٹ کرکھڑے رہے، ان شااللہ آپ مسلم لیگ ن کو لاہور میں مضبوط کریں گے۔
حمزہ شہباز نے اپنی گفتگو میں کہا کہ مسلم لیگ ن لاہور کا صدر بننے پر آپ کو مبارکباد دیتا ہوں، آپ پارٹی کےباوفا ساتھی ہیں اور ان شاء اللہ آپ بہترین اندازمیں بطور لاہور صدر کام کریں گے۔
صدر مسلم لیگ ن لاہور سیف الملوک کھوکھر نے مریم نواز، حمزہ شہباز اور راناثناء اللہ کا ٹیلی فون پر مبارکباد دینے پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف اور شہباز شریف کا شکرگزار ہوں جنہوں نے یہ ذمہ داری دی، لاہور مسلم لیگ ن کا قلعہ ہے پارٹی کی مضبوطی کے لیے دن رات کام کروں گا۔
قبل ازیں وفاقی وزیرداخلہ راناثناءاللہ نے اعلان کیا تھا کہ مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف نے سیف الملوک کھوکر کو مسلم لیگ لاہور کا صدر مقرر کر دیا۔مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہباز شریف کے مشاورت سے سیف الملک کھوکھر کو لاہور کا صدر بنایا گیا ہے، وہ پارٹی کے مخلص اور وفادار ساتھی ہیں۔
رانا ثنا اللہ نے مزید کہا کہ عمران خان کی حکومت میں سیف الملوک کھوکھر کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا، ان کے گھر پر بلڈوزر چلایا گیا، امید ہے کہ سیف الملوک کھوکھر پارٹی کو لاہور میں منظم کریں گے۔