ایک نیوز :شام میں ترک انٹیلی جنس اداروں کے آپریشن میں استنبول بم دھماکے کا مبینہ ماسٹر مائنڈ حلیل مینسی مارا گیا۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ برس استنبول کے استقلال ایونیو میں ہونے والے بم دھماکے کا ماسٹر مائنڈ 22 فروری کو شام کے قصبے قمشلی میں ہونے والے ترک انٹیلی جنس کارروائی میں مارا گیا۔
یاد رہے کہ 13 نومبر کو استنبول کے پُررونق علاقے استقلال ایونیو میں ایک گملے میں چھپایا گیا بم زوردار دھماکے سے پھٹ گیا تھا جس کے نتیجے میں دو بچوں سمیت چھ افراد جاں بحق اور 80 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔
Advertisement
سی سی ٹی وی فوٹیجز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک خاتون سڑک پر سیمنٹ سے بنی کرسی پر بیٹھی اور ساتھ رکھے گملے میں ایک پیکٹ چھپا کر وہاں سے فرار ہوجاتی ہے۔
یہ خبر پڑھیں : استنبول بم دھماکے کی ملزمہ کے گھر چھاپے اور گرفتاری کی ویڈیو وائرل
استنبول پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے خاتون کو حراست میں لے لیا تھا۔ جن کی شناخت شامی نژاد 23 سالہ احلام البشیر کے نام سے ہوئی تھی اور وہ علیحدگی پسند عسکری جماعت کردستان ورکرز پارٹی کی سرگرم کارکن تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اس کیس میں بم رکھنے والی احلام البشیر سمیت 17 مشتبہ افراد کو مقدمے کا سامنا ہے جن پر سہولت کاری کا الزام ہے تاہم ماسٹر مائنڈ حلیل مینسی شام فرار ہوگیا تھا۔