کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہاتھوں 63 رنز سے شکست

Feb 24, 2023 | 20:50 PM

ایک نیوز : پاکستان سپر لیگ 8 کے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے ایونٹ میں 220 رنز کے جواب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم 157 رنز پر ڈھیر ہوگئی، سرفراز الیون کو 63 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

کراچی کے نیشنل بینک کرکٹ ارینا میں پاکستان سپر لیگ 8 کے 13 ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ابتداء میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بولرز کی شاندار بولنگ کے باعث یہ غلط لگا تاہم شاداب الیون نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 220 رنز کا پہاڑ کھڑا کردیا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 221 رنز کے ہدف کے تعاقب میں شروع سے ہی مشکلات کا سامنا رہا اور ان کی پوری ٹیم 19.1 اوورز میں 157 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔

شاداب الیون 10 اوورز میں 4 وکٹ پر صرف 77 رنز ہی بناسکی تاہم اعظم خان کی دھواں دار اننگز کی بدولت آخری 10 اوورز میں 143 رنز بنا ڈالے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے ایونٹ کا سب سے بڑا ٹوٹل 220 رنز اسکور بورڈ پر سجادیئے، ان کی اننگز میں 18 چھکے اور 15 چوکے شامل تھے۔

رحمان اللہ گرباز 8، کولن منرو 38، رسی وان ڈر ڈوسن ایک اور شاداب خان 12 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، اس موقع پر اعظم خان کریز پر آئے اور میچ کا نقشہ ہی بدل دیا۔

اعظم خان اننگز کی آخری گیند پر 42 گیندوں پر 97 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جس میں 8 چھکے اور 9 چوکے شامل تھے، اس سے قبل انہوں نے آصف علی کے ساتھ مل کر 7.3 اوورز میں 98 رنز کی شراکت قائم کی۔

آصف علی نے بھی 4 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 24 گیندوں پر 42 رنز کی اننگز کھیلی، فہیم اشرف 6 گیندوں پر 17 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، ان کی اننگز میں ایک چھکا اور دو چوکے شامل تھے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے محمد حسنین 52 رنز اور اوڈین اسمتھ 41 رنز دے کر 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرسکے، نسیم شاہ اور ایمل خان نے ایک ایک شکار کیا۔

مزیدخبریں