ایک نیوز : تحریک انصاف کے 32 ارکان قومی اسمبلی کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا نوٹیفکیشن معطل کردیا گیا۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے لاہور ہائی کورٹ کے حکم پر تحریک انصاف کے 32 ارکان قومی اسمبلی کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا نوٹیفکیشن معطل کیا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب سے جنرل نشستوں پر 27 ارکان جب کہ پانچ مخصوص نشستوں سے خواتین ارکان کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا نوٹیفکیشن معطل کیا گیا ہے، ان خواتین ارکان میں پی ٹی آئی کی عالیہ حمزہ، کنول شوزب، عندلیپ عباس، عاصمہ حدید اور ملیکہ بخاری شامل ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق پی ٹی آئی کے صداقت علی خان، غلام سرور خان، عامر کیانی، فواد چوہدری، سید فیض الحسن، حماد اظہر اور شفقت محمود کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا نوٹیفکیشن بھی معطل کیا گیا۔
فخرامام، عامر ڈوگر، شاہ محمودقریشی اور شیخ رشید سمیت 27 ارکان کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا نوٹیفکیشن معطل کیا گیا۔
ای سی پی حکام کے مطابق اسلام آباد کے 3 حلقوں بشمول این اے 52، 53 اور این اے 54 میں 16 مارچ کو ہی ضمنی انتخاب ہوگا کیونکہ اسلام آباد کے حلقوں پر لاہور ہائی کورٹ کا یہ فیصلہ لاگو نہیں ہوتا۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن نے عمران خان کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق این اے 22 مردان، این اے 24 چارسدہ، این اے 31 پشاور سے عمران خان کی نشست خالی قرار دے دی گئی ہے۔
اس کے علاوہ این اے 108، این اے 118 ننکانہ اور این اے 239 کراچی سے عمران خان کی نشست خالی قرار دی گئی۔الیکشن کمیشن نے بتایا کہ عمران خان این اے 45 کرم سے رکن قومی اسمبلی رہیں گے۔