ایک نیوز: جیل بھرو تحریک میں نئی پیش رفت، تیسرے روز راولپنڈی میں پی ٹی آئی رہنما زلفی بخاری اور فیاض الحسن چوہان نے گرفتاری دیدی جبکہ شیخ رشید گرفتاری دیے بغیر ہی چلے گئے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی جیل بھرو تحریک میں گرفتاری دینے کے لیے پی ٹی آئی رہنما عامر کیانی، عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید اور دیگر راولپنڈی کے کمیٹی چوک پہنچے۔
پی ٹی آئی رہنما فیاض چوہان کے ساتھ دیگر 10 پی ٹی آئی کارکنان نے گرفتاری دی جب کہ زلفی بخاری اور اعجاز خان نے بھی گرفتاری دے دی جس کے بعد پولیس قیدی وین انہیں کمیٹی چوک سے لے کر روانہ ہوگئے۔
قیدیوں کی وین میں بیٹھتے ہوئے فیاض چوہان کا کہنا تھا کہ میں نے گھر والوں سے کہہ دیا ہے کہ میری ضمانت مت کروائیں، عمران خان کے کہنے پر قربانی دے رہے ہیں۔
اس کے علاوہ سابق وزیر داخلہ شیخ رشید بھی پی ٹی آئی کی جیل بھرو تحریک کے سلسلے میں کمیٹی چوک پر موجود رہے اور بعد ازاں گرفتاری دیے بغیر ہی چلتے بنے۔
راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو میں غلام سرور خان نے کہا کہ وہ گرفتاری نہیں دیں گے، چند لیڈرز اور چند ورکرز گرفتاری دیں گے۔
تحریک انصاف کے سینئر رہنما خان سرور خان اور سابق ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی و رہنما تحریک انصاف واثق قیوم عباسی بھی کمیٹی چوک پر جیل بھرو تحریک کے سلسلے میں کارکنان کے درمیان پہنچے۔ واثق قیوم نے ایک نیوز نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صداقت علی عباسی ، فیاض الحسن چوہان ، اعجاز خان جازی، زلفی بخاری سمیت پی ٹی آئی کے اب تک 30 لوگوں کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے۔دو پولیس وین کی گاڑیاں کارکنان کو لے کر اڈیالہ جیل روانہ ہوگئی ہیں۔