چودھری پرویزالہٰی سے سابق ارکان اسمبلی کی ملاقات

Feb 24, 2023 | 15:42 PM

ایک نیوز: سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالہٰی سے سابق ارکان اسمبلی کی اہم ملاقات ہوئی ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی سے سابق ارکان اسمبلی صاحبزادہ محبوب سلطان، رانا نذیر احمد خان، چودھری اسد زمان لنگڑیال، ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ننکانہ صاحب کے سیکرٹری رائے رضوان علی ایڈووکیٹ اور دیگر رہنماؤں نے ملاقات کی ہے۔  

سابق ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اور وکلاء نے چودھری پرویزالٰہی کو پی ٹی آئی میں شمولیت پر مبارکباد دی۔ اس موقع گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ مریم نواز کی سربراہی میں ن لیگ ایک مرتبہ پھر عدلیہ پر حملہ آور ہے۔ عمران خان کی قیادت میں عدلیہ پر آنچ نہیں آنے دیں گے، نہ ہی قوم کوتقسیم ہونے دیں گے۔ ن لیگ ہمیشہ اپنی کمزوریوں کو چھپانے کیلئے اداروں کو متنازعہ بناتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ن لیگ عوام پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کرتی ہے۔ ن لیگ کے دور میں مسنگ پرسن کے کیس دوبارہ شروع ہو گئے ہیں جو کہ لمحہ فکریہ ہے۔ 18 دن سے لاپتہ سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی کی بازیابی کیلئے ہم سب دعا گو ہیں۔ 

چودھری پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ اعلیٰ عدلیہ سے بھی درخواست ہے کہ وہ ان کی بازیابی کے احکامات صادر فرمائیں۔ پنجاب اور کے پی کے اسمبلیاں تحلیل ہوچکیں الیکشن کرائے جائیں۔ عوام جو فیصلے کرتی ہے وہی درست فیصلہ ہوتاہے۔ گورنر اور الیکشن کمیشن دونوں اپنے اختیارات سے بھاگ رہے ہیں۔ 

ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر یہ الیکشن کی تاریخ کا اعلان نہیں کرسکتے تو پھر بتایا جائے کہ الیکشن کا اعلان کون کرے گا؟ پنجاب اور کے پی کے اسمبلیاں تحلیل ہو چکی ہیں ان صوبوں میں الیکشن ہر صورت ہوں گے۔ جعلی مقدمے درج کروانا اور تقرر و تبادلے نگران حکومت کے دائرہ اختیار میں نہیں آتے۔ وفاقی حکومت کی نااہلی سے ملک اس وقت شدید سیاسی و معاشی بحران کا شکار ہے۔ پی ڈی ایم کی حکومت نے ملک کا دیوالیہ نکال دیا ہے۔ 

ملاقات میں رانا شہباز احمد خان، صدف بٹ، تنویر بٹ، رائے قاسم مشتاق کھرل ایڈووکیٹ، رائے خادم حسین کھرل ایڈووکیٹ، آصف علی بھٹی ایڈووکیٹ، مبشر نثار جٹ ایڈووکیٹ، رانا اعجاز، ملک ناصر عباس ایڈووکیٹ، احسن خان، مس رابیل خان، رائے شجر عباس ایڈووکیٹ، چودھری عبدالمجید ایڈووکیٹ اور عبدالرشید بوٹی بھی موجود تھے۔

مزیدخبریں