ایک نیوز: وزارت دفاع میں کرپشن کا بازار گرم، آڈٹ رپورٹ میں کروڑوں کی بےضابطگیوں کا انکشاف ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق وزارت دفاع میں 20 ملین سے زائد کے بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے۔ جس کے بعد ایف آئی اے نے آڈٹ پیرا میں بے ضابطگیاں رپورٹ ہونے پر انکوائری کا آغاز کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزارت میں 2015-16 کے آڈٹ پیرا میں بے ضابطگیاں رپورٹ ہوئی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ مبینہ طور پر جونئر آڈیٹر ظفر انصاری نے بوگس چیک کے ذریعے خزانے سے دو ارب روپے نکلوائے۔
رپورٹ کے مطابق اہلکاروں نے ٹارگٹ سے کم ریکوریاں کر کے بھی قومی خزانے کو نقصان پہنچایا۔ آڈٹ پیرا میں سرکاری نااہلی کے باعث ریونیو کم اکٹھا ہونے کو بھی کرپشن گردانا گیا۔
ایف آئی اے نے وزارت دفاع سے متعلقہ کیس کے حوالے سے مزید تفصیلات بھی مانگ لیں۔ وزارت دفاع کی جانب سے آڈٹ رپورٹ اور متعلقہ کیس کی تمام فائلیں ایف آئی اے کو فراہم کر دی گئی ہیں۔