ایک نیوز : سیاحت کے شوقین ہوجائیں تیار، اب پاکستان اور ازبکستان کے درمیان بس سروس چلے گی ۔
رپورٹ کے مطابق ازبک صدر نے پاکستان اور ازبکستان کے درمیان بس سروسزشروع کرنے کی تجویز دیدتے ہوئے کہا کہ بس،ریل سے وسطی وجنوبی ایشیاء کے درمیان روابط کوفروغ ملےگا جبکہ افغانستان کے راستے پاکستانی بندرگاہوں تک بھی رسائی حاصل ہوگی۔
جمہوریہ ازبکستان کے صدر شوکت مرزایوف نے ازبکستان اور پاکستان کے درمیان شاہراہوں پر آمدورفت کو ترقی دینے، وسطی اور جنوبی ایشیا کو افغانستان سے ملانے اور پاکستان کی بندرگاہوں تک جانے والے ریلوے لائن کی تعمیر کے منصوبے کو تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
ازبکستان کے صدر اور وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی قیادت میں پاکستانی وفد کے ملاقات میں باہمی فائدہ مند تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے تجارت، سرمایہ کاری اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں منصوبوں پر عملدرآمد کے عملی پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیرخزانہ نے ملاقات کا موقع ملنے پر ازبکستان کے صدر کا شکریہ ادا کیا اور وزیر اعظم شہباز شریف کی طرف سے انہیں نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔
اجلاس میں ٹرانزٹ اور ترجیحی تجارت کے حوالے سے اہم معاہدوں پر عملدرآمد کا جائزہ لیاگیا۔ ملاقات میں معیشت کے مختلف شعبوں میں تعاون کے مخصوص منصوبوں کو فروغ دینے کی اہمیت کو بین الحکومتی مذاکرات کے ایجنڈے کے حصے کے طور پر شامل کرنے سے اتفاق کیاگیا۔