ایک نیوز: اسلام آباد میں خواتین کو اغواء کرنے کے کیسز عروج پکڑ گئے،مارگلہ تھانے کے علاقے سے دن دیہاڑے 14 سالہ بچی کو اغواء کر لیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق اسلام آباد،تھانہ مارگلہ کے علاقے سے 14 سالہ بچی کو اغواء کر لیا گیا۔اغواء کار والدہ پر تشدد کرتے رہے اور دن دیہاڑے بچی کو اغواء کر کے بھی لے گئے۔مارگلہ پولیس نے مغوی کی والدہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا ہے۔مقدمے کےمتن میں کہا گیا ہے کہ ملزمان دن دیہاڑے اسلام آباد کے پوش سیکٹر سے بچی کو اغواء کر کے لے گئے ہیں۔ پولیس نے ملزمان کی شناخت کر لی ہے لیکن تاحال گرفتاری نہیں ہوسکی ہے۔
اسلام آباد میں آئے روز اغواء کی وارداتیں پولیس کے لئے سوالیہ نشان ہے۔ متاثرہ شخص نےایک نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کارروائی کرنے کے لئے رقم کا مطالبہ کر رہی ہے۔جس گاڑی میں بچی کو اغواء کر کے لے گئے اسکا ریکارڈ بھی حاصل کر لیا گیا ہے۔