رحمان اللہ گرباز نے بابر کے مشوروں پر عمل کرکے زلمی کے باؤلرز کی درگت بناڈالی

رحمان اللہ گرباز نے بابر کے مشوروں پر عمل کرکے زلمی کے باؤلرز کی درگت بناڈالی

ایک نیوز: اسلام آباد یونائیٹڈ  کے جارح مزاج بیٹر رحمان اللہ گرباز نے پشاور کے کپتان بابر اعظم کی بیٹنگ ٹپس پر عمل کر کے پشاور کے باؤلرز کی ہی درگت بنا دی۔

رپورٹ کے مطابق پی ایس ایل  فرنچائز اسلام آباد یونائیٹڈ میں شامل افغانستان کے جارح مزاج بلے باز رحمان اللہ گرباز کا کہنا ہے کہ پشاور زلمی کیخلاف میچ سے قبل بابر اعظم سے ان کی ملاقات ہوئی جس میں بابر نے انہیں بیٹنگ پر مشورے دیے، بیٹنگ کے دوران بابر کے مشوروں پر عمل کیا جس سے بہت فائدہ ہوا۔رحمان اللہ گرباز نے 31 گیندوں پر  62 رنز کی اننگز کھیلی جس کی بدولت اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو 6 وکٹ سے شکست دی۔ رحمان اللہ گرباز کا کہنا تھا کہ بیٹنگ کیلئے بابر کے مشورے ان کے کام آئے۔

میچ کے بعد پریس کانفرنس میں ان کا کہنا تھا کہ میچ سے قبل  بابر اعظم سے تفصیلی بات چیت ہوئی جس میں بابر نے اپنا تجربہ شیئر کیا اور جو کچھ بابر اعظم نے بتایا  اننگز کے دوران ان باتوں کو اپلائی کرنے کی کوشش کی۔ رحمان اللہ گرباز نے کہا کہ بابر سے مائنڈ سیٹ اور اسٹرائیک روٹیٹ کرنے کے بارے میں پوچھا تھا۔

افغان کرکٹر نے کہا کہ ان کی پہلے سوچ تھی کہ ہر گیند کو ہٹ کرنا ہے لیکن بابر نے بتایا کہ گیند کا میرٹ کیسے پرکھنا ہے اور کس صورتحال میں کیا کرنا ہے۔ خوشی ہے کہ بابر سے مشورے لیے اور اس پر عمل کیا۔

رحمان اللہ گرباز  نے مزید کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان سیریز سے قبل افغانستان کے کرکٹرز کی پی ایس ایل میں شرکت کافی مفید ہے، اس سے افغانستان کے کھلاڑیوں کو پاکستان کی اسٹرینتھ سمجھنے کا اچھا موقع مل جائے گا۔