وزیراعظم کی زیر صدارت کابینہ کےاجلاس کا اعلامیہ جاری 

Dec 24, 2024 | 15:51 PM

ایک نیوز: وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کےاجلاس کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا،وفاقی کابینہ کو حکومت کی رائیٹ سائیزنگ کے حوالے سے بنائی گئی کمیٹی نے وزارت سائینس و ٹیکنالوجی ، وزارت تجارت، وزارت ہاؤسنگ و ورکس،وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق اور ان وزارتوں سے متعلقہ اداروں کی رائیٹ سائیزنگ کے حوالے سے کمیٹی کی سفارشات پیش کی گئیں۔ 
کمیٹی نے مذکورہ وزارتوں کے کچھ اداروں کو مکمل بند کرنے اور کچھ اداروں کو ضم کرنے کی سفارشات پیش کیں، کمیٹی نے ان وزارتوں کے سیکریٹریٹ میں سٹاف کی پوسٹس 30فیصد تک کم کرنے کی تجویز بھی دی، اجلاس کو بتایا گیا کہ ان سفارشات کی منظوری کے بعد قومی خزانے کو 42.1 ارب روپے کی بچت متوقع ہے۔ 
کابینہ اراکین نے ان سفارشات پر اپنی آراء دیں، وزیراعظم نے ہدایت کی کہ کابینہ اراکین کی آراء کی روشنی میں ان وزارتوں کی رائیٹ سائیزنگ کے حوالے سے سفارشات اور عملدرآمد کا جائزہ لے کر وفاقی کابینہ میں دوبارہ رپورٹ پیش کی جائے۔ 
وفاقی کابینہ کو وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی کی جانب سے پارا چنار کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، اجلاس کو بتایا گیا کہ پارا چنار میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں اور اس حوالے سے وفاقی اور خیبر پختونخوا کی حکومتیں مل کر امدادی سرگرمیوں میں حصہ لے رہی ہیں۔ 
اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ پارا چنار سے مریضوں کو دوسرے شہر منتقل کرنے کے لئے وزیراعظم کے زیر استعمال ہیلی کاپٹر مختص کیا گیا ہے، مزید برآں پارا چنار کےتمام ہسپتالوں میں تمام ضروری ادویات دستیابی کو یقینی بنایا گیا ہے۔    

مزیدخبریں