جاتی امراء میں نواز شریف کے پوتے کی شادی، تیاریاں جاری

Dec 24, 2024 | 14:52 PM

ایک نیوز: نواز شریف کے پوتے زید حسین نواز کی شادی کی تیاریاں زوروشور سے جاری ہیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے بھائی اور نوازشریف کے صاحبزادے حسین نواز کے بیٹے کی جاتی عمرہ میں شادی کی تیاریاں جاری ہیں جس میں 700 مہمانوں کو مدعو کئے جانیکا امکان ہے جن میں ملکی اور غیر ملکی شخصیات بھی شامل ہیں۔ 
حسین نواز کے بیٹے کی شادی میں بھارت سمیت دیگر ممالک سے مہمان شرکت کریں گے، ذرائع کے مطابق حسین نواز کے بیٹے زید حسین نواز کی شادی میں شرکت کیلئے غیر ملکی مہمانوں کیلئےانتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔ 
ذرائع کے مطابق شادی میں شرکت کیلئے امریکا، برطانیہ، یورپی ممالک، سعودی عرب قطر، یواے ای، بھارت اور ہمسایہ ممالک سے مہمان پاکستان پہنچیں گے جن کو فلیٹیز ہوٹل اور سٹیٹ گیسٹ ہاؤس میں ٹھہرایا جائے گا۔ 
غیر ملکی مہمانوں کے لیے فلیٹیز ہوٹل کے 25 سے 30 کمروں کی بکنگ کرالی گئی جبکہ سٹیٹ گیسٹ ہاؤس انتظامیہ کو باضابطہ آگاہ کردیا گیا ہے، بیرون ملک مقیم شریف فیملی کے تمام افراد پاکستان پہنچ گئے جبکہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کی چھوٹی صاحبزادی عصمہ نواز بھی دبئی سے لاہور پہنچ گئیں ہیں۔
 اس کے علاوہ حسن نواز بھی فیملی سمیت لاہور پہنچ گئے، ملکی و غیر ملکی مہمانوں کی سیکیورٹی کے لیے پنجاب پولیس کو احکامات جاری کردیئے گئے۔
شادی کی تقریبات کا آغازآج 24 دسمبر 2024کو مہندی اور ڈھولک کی رنگین محفل سے ہوگا، 25 دسمبر 2024کو نکاح کی بابرکت تقریب منعقد ہوگی جو کہ شریف فیملی کی خاص روایات کا حصہ ہے۔
26دسمبر 2024کو قوالی نائٹ کا اہتمام کیا جائے گا جو خاندان اور مہمانوں کے لیے ایک یادگار لمحہ ہوگا،27دسمبر 2024کو سہرا بندی کی تقریب کے بعد دولہا زید حسین نواز بارات لے کر جائیں گے۔ 
شادی کی تقریبات کے اختتام پر 29 دسمبر 2024کو جاتی عمرہ میں ولیمہ کی تقریب منعقد کی جائے گی، جہاں 700 مہمانوں کی شرکت متوقع ہے۔  

مزیدخبریں