ایک نیوز: کرسمس اور قائد اعظم ڈے کے حوالے سے پنجاب پولیس نے سکیورٹی پلان فائنل کر لیا۔
ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ لاہور سمیت صوبہ بھر کے 2900 سے زائد گرجا گھروں کی سکیورٹی پر 30 ہزار پولیس افسران و اہلکار تعینات ہونگے، صوبائی دارالحکومت کی 600 سے زائد مسیحی عبادت گاہوں پر5ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار سکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق قائداعظم ڈے پر منعقدہ پروگرامز کی سکیورٹی پر1ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات ہوں گے، کرسمس اور قائداعظم ڈے پر سکیورٹی ہائی الرٹ ہو گی، حساس گرجا گھروں پر اضافی نفری تعینات ہو گی۔
آئی جی پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ ملک دشمن عناصر و مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھیں، سپروائزری افسران گرجا گھروں کی انتظامیہ سے مسلسل رابطے اور باہمی مشاورت سے سکیورٹی انتظامات یقینی بنائیں، تمام مکاتب فکر کے رہنما کرسمس پر بین المذاہب ہم آہنگی کا فروغ یقینی بنائیں، سیف سٹیز اتھارٹی کے کیمروں کی مدد سے کرسمس اور قائد اعظم ڈے تقاریب کی مسلسل مانیٹرنگ کی جائے، حساس گرجا گھروں اور اہم مقامات کی سکیورٹی پر کمانڈوز اور سنائپرز تعینات کئے جائیں گے۔
آئی جی پنجاب نے کہا کہ ڈولفن سکواڈ، پیرو، ایلیٹ پولیس کی ٹیمیں گرجا گھروں اور مسیحی آبادیوں کے اطراف موثر پٹرولنگ یقینی بنائیں، سی ٹی ڈی، سپیشل برانچ ٹیمیں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون سے دہشت گرد و شر پسند عناصر کی سرکوبی کریں، آئی جی پنجاب کی تمام آر پی اوز، ڈی پی اوز، سی ٹی اوز کو سکیورٹی و ٹریفک انتظامات کی خود نگرانی کی ہدایت، کرسمس سے قبل گرجا گھروں، مسیحی آبادیوں کے اطراف میں فلیگ مارچ، سرچ اینڈ سویپ آپریشن کئے جا رہے ہیں۔
آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ کرسمس پر پارکوں، تفریحی مقامات، غیر ملکی سفارت خانوں سمیت تمام حساس تنصیبات کی سکیورٹی بھی یقینی بنائی جائے، کرسمس اور قائداعظم ڈے پر خواتین شہریوں کی چیکنگ کیلئے لیڈیز پولیس اہلکار بھی تعینات کی جائیں گی، گرجا گھروں کو حساسیت کے اعتبار سے اے، بی اور سی کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے، اے کیٹیگری میں 142، بی کیٹیگری میں291، سی کیٹیگری میں 2500 سے زائد گرجا گھر شامل ہیں۔
کرسمس ، قائد اعظم ڈے:پنجاب پولیس کیجانب سے سکیورٹی پلان فائنل
Dec 24, 2024 | 09:33 AM