صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کرسمس کے موقع پر پیغام

صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کرسمس کے موقع پر پیغام
کیپشن: President Dr. Arif Alvi's message on the occasion of Christmas

ایک نیوز: ڈاکٹر عارف علوی صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان نے 25 دسمبر 2023 ء کو کرسمس 2023 کے موقع پر پیغام جاری کیا ہے۔ 

اپنے پیغام میں انہوں نے کہا ہے کہ میں کرسمس کے پرمسرت موقع پر مسیحی برادری کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ ہمارے مسیحی بھائیوں کے دلوں میں ایک خاص مقام کی حامل کرسمس مسرت ، غور و فکر اور خوشی منانے کا موقع ہے۔   حضرت عیسیٰ (ع) کی محبت، ہمدردی اور امن کی تعلیمات ہمارے لیے مشعل راہ ہیں اور ہماری رہنمائی کرتی ہیں۔

مذاہب اور ثقافتوں کا تنوع پاکستان کے لیے باعث استحکام ہے۔ ہماری مسیحی برادری نے ملک کی سماجی اور اقتصادی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔  ہم ملک میں امن، رواداری اور ہم آہنگی کے فروغ کے لیے مسیحی برادری کی جانب سے کی جانے والی قابل ستائش خدمات کا اعتراف کرتے ہیں۔

اس تہوار کے موقع پر، آئیے کرسمس کے جذبے کو منائیں، تمام برادریوں کے درمیان اتحاد، افہام و تفہیم اور خیر سگالی کو فروغ دیں۔  خدا کرے کہ کرسمس کا محبت، درگزر اور امید کا پیغام ہمارے دلوں میں گونجتا رہے اور امن، خوشی، ہم آہنگی اور خوشحالی سے بھرے مستقبل کی جانب ہماری رہنمائی کرے۔

میں فخر سے کہتا ہوں کہ پاکستان میں دستور پاکستان کے مطابق اقلیتوں کو تمام سیاسی، معاشی اور سماجی حقوق حاصل ہیں ۔  ہمارا مذہب اسلام اقلیتوں کے حقوق کو مکمل طور پر تسلیم کرتا ہے اور ان کا تحفظ کرتا ہے۔  حکومت پاکستان تمام شہریوں کو ان کے رنگ، طبقے اور مسلک سے بالاتر ہو کر یکساں مواقع فراہم کرتی ہے۔  بانیِ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح نے 11 اگست 1947 کی اپنی تاریخی تقریر میں کہا تھا کہ ہر کسی کو بلا تفریق رنگ و نسل اور مذہب کے برابر حقوق، مراعات اور ذمہ داریاں حاصل ہوں گی اور نئی ریاست پاکستان میں مکمل مذہبی آزادی حاصل ہوگی۔

جب ہم اپنے خاندان اور دوستوں کے ساتھ یہ تہوار منانے کے لیے اکٹھے ہو رہے ہیں تو ہمیں  ان اقدار کو بھی یاد رکھنے کی ضرورت ہے جو ہمیں ایک قوم کے طور پر ایک ساتھ جوڑتی ہیں، تنوع کا احترام، اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ، اور ایک روادار اور جامع معاشرے کی تعمیر کا عزم۔

میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ حکومت پاکستان میں تمام مذہبی اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔  مجھے یہ کہتے ہوئے فخر محسوس ہوتا ہے کہ ریاست کے تمام ادارے اقلیتوں کے حقوق کا مکمل تحفظ کرتے ہیں۔ ہم سب مل کر اپنی عظیم قوم کے لیے ایک روشن اور زیادہ ہم آہنگ مستقبل کے لیے کام کر سکتے ہیں۔

ایک بار پھر، آپ کو اور آپ کے چاہنے والوں کو کرسمس مبارک ہو۔