کلرسیداں: قتل کی واردات کا ڈراپ سین، مقتول کی بیوی اور آشنا ہی قاتل نکلے

Dec 24, 2023 | 12:16 PM

ایک نیوز: راولپنڈی کی تحصیل کلر سیداں میں پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے قتل کی واردات کو ڈکیتی کا رنگ دینے والی مقتول کی اہلیہ اور اس کے آشنا کو گرفتار کرلیا۔ 

تفصیلات کے مطابق 4 روز قبل ڈکیتی معہ قتل کے واقعہ کا ڈراپ سین ہوگیا۔ مقتول عابد حسین کی اہلیہ اور اسکا آشنا قاتل نکلے۔ پولیس حکام کے مطابق مقتول کی اہلیہ ندا اور آشنا زاہد نے منصوبہ بندی سے عابد حسین کو قتل کیا۔ قتل کی واردات کو ڈکیتی مزاحمت پر قتل کا رنگ دینے کی کوشش کی گئی۔

بتایا گیا ہے کہ مقتول عابد حسین کی ایک سال قبل ملزمہ ندا سے شادی ہوئی تھی۔ مقتول عابد حسین حساس ادارے میں ملازم اور چھٹی پر گھر آیا ہوا تھا۔ مقتول اہلیہ کو اسکے والدین کے گھر سے لے کر موٹر سائیکل پر واپس آ رہا تھا جب ملزمان نے اسے قتل کیا۔

ملزمہ ندا کے ابتدائی بیان کے مطابق اس کا بیگ گرا جو اٹھانے کے لئے رکے تو ڈاکوؤں نے واردات کے دوران عابد حسین کو قتل کیا۔ مشکوک حالات و واقعات کے پیش نظر کلر سیداں پولیس اور آرگنائزڈ کرائم سیل نے تفتیش کا دائرہ کار بڑھایا۔ 

پولیس حکام کے مطابق سائنٹیفک طریقہ تفتیش کی مدد سے اصل حقائق آشکار کیے گئے۔ ملزمہ ندا سے تفتیش کی گئی تو اس نے اپنے جرم کا اعتراف کر لیا۔ ملزمہ کے انکشاف کے ساتھ ساتھ اسکے آشنا زاہد کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔ 

بتایا گیا ہے کہ ملزمہ ندا اور ملزم زاہد شادی سے پہلے ایک جگہ نوکری کرتے تھے۔ ملزمان سے مزید تفتیش کر کے ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان کیا جائے گا۔

مزیدخبریں