ملک بھر میں موسم سرد، پہاڑوں پر ہلکی برف باری کا امکان

ملک بھر میں موسم سرد، پہاڑوں پر ہلکی برف باری کا امکان
کیپشن: ملک بھر میں موسم سرد، پہاڑوں پر ہلکی برف باری کا امکان

ایک نیوز: آج اتوار کو ملک کے بیش تر علاقوں میں موسم سرد، خشک، شمالی علاقوں میں شدید سرد، مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہےگلگت بلتستان اور بالائی خیبر پختونخوا میں چند مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برف باری ہو سکتی ہے، پنجاب اور کے پی کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں دھند اور اسموگ چھائے رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ اسلام آباد میں موسم سرد اور خشک رہے گا، کے پی کے بیش تر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا، بالائی اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ چترال، دیر اور سوات میں ہلکی بارش اور برف باری کا بھی امکان ہے۔

صبح اور رات میں مردان، صوابی، چارسدہ، نوشہرہ، پشاور اور ڈی آئی خان میں دھند چھائے رہنے کا امکان ہے، پنجاب کے بیش تر اضلاع میں موسم سرد اور خشک، مری، گلیات میں شدید سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔

بہاولپور، ساہیوال، لاہور، سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ، فیصل آباد، سرگودھا، جھنگ، خانیوال، ملتان، خان پور، رحیم یار خان، حافظ آباد، بھکر، لیہ، ڈیرہ غازی خان اور گرد و نواح میں صبح اور رات میں دھند اور اسموگ چھائے رہنے کا امکان ہے۔

بلوچستان کے بیش تر اضلاع میں موسم سرد اور خشک، شمالی اضلاع میں شدید سرد رہے گا، سندھ کے بیش تر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا، جیکب آباد، موہن جودڑو، سکھر، لاڑکانہ، دادو، گھوٹکی اور پڈعیدن میں دھند اور اسموگ کا امکان ہے۔ کشمیر میں موسم شدید سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہے گا، جی بی میں موسم شدید سرد اور مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برف باری ہو سکتی ہے۔