ایک نیوز: اسرائیل کے غزہ پر وحشیانہ حملوں کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صیہونی فورسز کی بمباری سے مزید 201 فلسطینی شہید ہوگئے ہیں۔
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیل نے 201 فلسطینی شہید کر دیے، صیہونی فورسز کی بمباری سے بہت بڑی تعداد میں فلسطینی شہری تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے تلے دب گئے ہیں۔
عالمی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فضائیہ نے شمالی غزہ میں بمباری کی، بمباری سے اقوام متحدہ کے سکول کے احاطے میں کھڑی گاڑیاں مکمل تباہ ہوگئیں جبکہ عمارت کھنڈرات کا منظر پیش کرنے لگی ہے۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ غزہ میں اقوام متحدہ کے سکولز مسلسل اسرائیلی افواج کے نشانے پر ہیں، اقوام متحدہ کے سکول کے احاطے سے بڑی تباہی پھیلانے والا بم بھی برآمد ہوا ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق صدر جوبائیڈن اور اسرائیلی وزیر اعظم کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، وائٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے بات چیت میں صدر بائیڈن نے کہا کہ نیتن یاہو سے بات چیت کے دوران غزہ میں جنگ بندی سے متعلق کوئی گفتگو نہیں ہوئی، اسرائیلی وزیر اعظم سے یہ میری نجی گفتگو تھی۔
حماس جنگجوؤں نے 5 صیہونی فوجی مار ڈالے
غزہ میں صیہونی افواج اور حماس جنگجوؤں کے مابین جھڑپوں کا سلسلہ بھی جاری ہے، بیت لاہیا میں حماس جنگجوؤں نے 5 صیہونی فوجی مار ڈالے، حماس نے اسرائیلی فوجیوں پر حملے کی ویڈیو بھی جاری کی جس میں اسرائیلی فوجیوں کو حماس مجاہدین کا نشانہ بنتے دیکھا جاسکتا ہے۔