ایک نیوز نیوز:ٹریول آپریٹرز کاکہنا ہے کہ یو اے ای حکومت نے پاکستان کے مزید دو شہروں کے رہنے والوں پر وزٹ ویزے کی پابندی عائد کردی ۔پہلے22شہروں پرپابندی تھی اب تعداد24ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اوورسیز ایمپلائنٹ پروموٹرز کے عہدیدار عدنان پراچہ کاکہنا ہے یو اے ای کی جانب سے باقاعدہ وزٹ ویزوں پر پابندی کا کوئی لیٹر جاری نہیں کیا گیا ۔ لیکن عملی طور پر یہ پریکٹس شروع کردی گئی ہے۔
ایبٹ آباد، ڈیرہ غازی خان، کوئٹہ، خوشاب، مظفر گڑھ، سرگودھا، اٹک، قصور، کرم، نواب شاہ، شیخو پورہ، باجوڑ، ہنگو، کوہاٹ، ڈیرہ اسماعیل خان، لاڑکانہ ساہیوال، سکھر، پاڑہ چنار، اسکردو، چکوال، ہنزہ، کوٹلی اور مہمندکے شہریوں کو متحدہ عرب امارات کے وزٹ ویزے نہیں دیئے جارہے۔
ٹریول ایجنٹس کا کہنا ہے کہ پابندی کی بنیادی وجہ ایجنٹس مافیا کی غلط بیانی ہے، ٹریول ایجنٹس شہریوں کو وزٹ ویزے پر بھیجتے ہیں جہاں وہ غیر قانونی طور پر روزگار کرنا شروع کردیتے ہیں۔
دبئی میں ایک ہیومن ریسورس کمپنی سے وابستہ ذریعے کا کہنا ہے کہ بہت سارے افراد وزٹ ویزے پر آکر بھیک مانگنا شروع کردیتے ہیں گزشتہ رمضان میں بھی یو اے ای پولیس نے کریک ڈاؤن کرکے بڑی تعداد میں بھیک مانگنے والے پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کیا تھا جس میں خواتین بھی شامل تھیں جب کہ دینی مدارس کے نام پر چندہ کرنے والے افراد بھی تھے جو گھر گھر جاکر چندہ اکھٹا کررہے تھے مکینوں کی شکایت پر کریک ڈاون کیا گیا تھا۔
دوسری جانب پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفارتحانے سے منسلک ذرائع نےتردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ یو اے ای حکومت نے کسی شہر، زبان یا مسلک کی بنیاد پر کوئی پابندی نہیں لگائی البتہ وزٹ ویزے کے غلط استعمال کے تدارک کے لئے قوانین پر عمل درآمد اور نگرانی سخت کردی گئی ہے۔