ایک نیوز نیوز: قومی کرکٹ ٹیم کے بلے باز فخر زمان نے اپنے ہی انداز میں حارث رؤف کو نکاح کی مبارکباد دی۔
تفصیلات کے مطابق فخر زمان نے فاسٹ باؤلر حارث رؤف کو نکاح کی مبارک باد دیتے ہوئے مشورہ دیا کہ بس جیسے ہو ویسے ہی رہنا اور بھابھی کے سامنے زیادہ بڑی بڑی نہیں مارنا ۔
فخر زمان نے سوشل میڈیا پر ویڈیو پیغام میں حارث رؤف کو کہا کہ آپ بہت برے طریقے سے پھنس گئے ہو، میری دعا ہے کہ اللہ پاک آپ کے لیے آسانیاں پیدا کرے اور آپکی جتنی بھی زندگی ہے اللہ آپ کو ہمت دے کہ آپ سہہ سکو۔
فخر زمان نے مزید کہا کہ میں تو شادی شدہ ہوں، آپ کو اپنا تجربہ ہی بتا سکتا ہوں۔ میری نیک تمنائیں آپ اور بھابھی کے ساتھ ہیں، اپنا بہت سارا خیال رکھنا۔فخر زمان نے حارث رؤف سے نکاح کی تقریب میں شرکت نہ کرنے پر معذرت بھی کی اور کہا کہ آپ کو پتا ہے میں نے کہاں جانا تھا۔ اس کے علاوہ دیگر کھلاڑیوں نے بھی حارث رؤف کو مبارک باد دی ۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رؤف آج اپنی کلاس فیلو مزنا مسعود ملک کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے ہیں۔