ایک نیوز نیوز: امریکی ایوانِ نمائندگان نے یوکرین کے لیے مزید 45 ارب ڈالر امداد کی منظوری دے دی ہے۔ اسی طرح امریکہ ، روسی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے یوکرین کو پیٹریاٹ میزائل بھی فراہم کرے گا۔
امریکی ایوانِ نمائندگان کی جانب سے اس امداد کی منظوری امریکی سینیٹ کی جانب سے حکومتی اخراجات کے لیے منظور ہونے والے 1.66 ٹریلین ڈالر کے پیکج کی منظوری کے بعد سامنے آئی ہے۔
ایوانِ نمائندگان سے منظوری کے بعد یہ بل صدر بائیڈن کے پاس جائے گا جن کے دستخط کے بعد یہ قانون بن جائے گا۔
نیا امدادی پیکج فروری 2022میں روس کے یوکرین پر حملے کے بعد سے لے کر اب تک یوکرین کو ملنے والی 50 ارب ڈالرز کی امریکی امداد کے علاوہ ہے۔
رواں ہفتے یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی نے بھی امریکہ کا دورہ کیا تھا اور کانگریس سے اپنے خطاب میں کہا تھا کہ ''امریکی عوام نے اسلحے اور نقد کی شکل میں یوکرین کی جو مدد کی ہے، یہ محض امداد نہیں ہے بلکہ یہ امن کے لیے امریکہ کی سرمایہ کاری ہے اور ہم وعدہ کرتے ہیں کہ اسے ذمے داری کے ساتھ استعمال کریں گے۔''