ایک نیوز نیوز: قومی ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رؤف آج اپنی کلاس فیلو مزنا مسعود ملک سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے جارہے ہیں اور دلہا دلہن کی پہلی جھلک بھی منظرِ عام پر آچکی ہے۔
تفصیلات کے مطابق نکاح کی تقریب اسلام آباد میں منعقد کی جائے گی جس میں دوست اور قریبی رشتے دار شریک ہوں گے تاہم نکاح سے قبل ہی حارث کی دلہن کی تیاریوں کی تصاویر و ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔
مزنا کی ویڈیوز اسلام آباد میں واقع ایک نجی بیوٹی سیلون نے شیئر کیں جس میں حارث سمیت مزنا کے ناموں کے ہیش ٹیگ کا استعمال کیا گیا۔
ان ویڈیوز میں مزنا کی مہندی کے خاصے چرچے ہورہے ہیں کیونکہ انہوں نے مہندی پر حارث کے نام کا ایچ آر اور ان کی بولنگ کی رفتار 150 لکھوایا۔
اس کے علاوہ قومی کرکٹر کی بھی شیروانی پہنی تصویر سامنے آئی ہے۔
مداحوں کی جانب سے یہ ویڈیوز خاصی پسند کی جارہی ہیں، اس سے قبل کرکٹر کو کئی ملکی و غیر ملکی کھلاڑیوں نے زندگی کے سب سے بڑے دن کے لیے مبارکباد بھی دی تھی۔
آل راؤنڈر شاداب خان نے بھی حارث کو مبارکباد پیش کی اور دعا دی کہ اللہ دونوں کو خوش رکھے۔