دس بڑوں کا حقیقی احتساب ہو جائے تو سب جیل جائیں گے:سراج الحق

Dec 24, 2022 | 11:19 AM

JAWAD MALIK

ایک نیوز نیوز: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن میں جھوٹے گوشوارے داخل کرانے والے، مالی و اخلاقی کرپشن میں ملوث لوگ ملک پر قابض ہیں ، دس بڑوں کا حقیقی احتساب ہو جائے تو سب جیل جائیں گے۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی پاکستان کو سری لنکا بنانا چاہتے ہیں۔حکمرانوں کو حالات کی پرواہ نہیں،بڑی پریشانی یہ ہے کہ ان کے اثاثوں اور کارناموں کی اطلاع قوم تک کیسے پہنچی؟

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ ہمارا تعلیمی نظام اس لیے زوال کا شکار ہے کہ حکمرانوں کے بچے یہاں نہیں پڑھتے، ہسپتال اس لیے تباہ ہیں کہ اشرافیہ بیرون ملک علاج کرواتی ہے، معیشت کی بربادی کی وجہ یہ ہے کہ حکمران طبقے  کا کاروبار یورپ، امریکہ اور دبئی میں ہے، یہ آستین کے سانپ ہیں، قوم ان کو پہچانے، ان کے ہوتے ہوئے کسی بیرونی دشمن کی ضرورت نہیں۔ غریب مظلوم اور مقروض قوم اپنے حق کے لیے کھڑی ہو، عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے آزمائے ہوئے ظالم جاگیرداروں، وڈیروں اور کرپٹ سرمایہ داروں کے لیے آئندہ الیکشن یوم حساب بنا دے۔

مزیدخبریں